کہا مودی حکومت یکے بعد دیگرے تغلقی احکامات جاری کرکے غریبوں کاگلا گھونٹ رہی ہے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ عام آدمی پارٹی کے جموں صوبے کے نائب صدر امیت کپور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ راشن ڈپو پر ملک گیر بند کی وجہ سے لوگوں کو راشن لینے کے لیے دس بار جانا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ لوگوں کو کئی گھنٹے قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ جس کی وجہ سے بزرگوں سمیت عام لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ امیت کپور نے کہا کہ راشن ڈپو کے بار بار بند ہونے کے باعث عوام کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ عوام کے اس مسئلے کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں معلومات ہونے کے باوجود متعلقہ محکمہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ امیت کپور نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے اس مسئلے کو فوری طور پر حل نہیں کیا تو وہ اس کے خلاف تحریک شروع کریں گے۔انہوں نے الزام لگایا کہ یو ٹی انتظامیہ ریاست کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے اور نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہی ہے۔ کپور نے کہا کہ یوٹی انتظامیہ کی طرف سے حکم جاری کیا گیا ہے کہ اب خاندان کے ہر فرد کو راشن لینے کے لیے راشن ڈپو پر آنا پڑے گا اور وہاں ان کے انگوٹھے کا نشان لگا کر ہی انہیں راشن دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت یکے بعد دیگرے ایسے تغلقی احکامات جاری کرکے غریبوں کا دونوں ہاتھوں سے گلا گھونٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صورت حال اور بھی سنگین ہے کیونکہ دیہات کے لوگوں کو ڈپو پر راشن لینے کے لیے کئی کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا ہے۔