جے پور، // راجستھان میں 25 نومبر کو ہونے والے اسمبلی کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی ہوم ووٹنگ کی پہل کے سلسلے میں بزرگ اور معذور رائے دہندگان میں جوش ہے اور اس کے پہلے مرحلے میں 60 ہزار سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ ریاست بھر میں اس زمرے کے ووٹروں نے گھر بیٹھے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر پروین گپتا نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 60 ہزار 424 بزرگ اور معذور ووٹروں نے ووٹ ڈالا۔ مسٹر گپتا نے کہا کہ اب تک 1220 ووٹر گھر پر ووٹنگ کے دوران نہیں ملے ہیں جبکہ اس سہولت کے اہل 884 ووٹر فوت ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 96.63 فیصد بزرگ اور معذور ووٹرز نے گھربیٹھے ووٹنگ کی ہے جس میں 96.48 فیصد بزرگ اور 97.56 فیصد معذور ووٹرز شامل ہیں۔
اسمبلی کے عام انتخابات کے تحت ریاست میں 80 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ ووٹرز اور 40 فیصد سے زیادہ معذور ووٹروں کو گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ ریاست میں گھر بیٹھے ووٹنگ کے پہلے پانچ دنوں میں 47196 بزرگ اور 20,161 معذور ووٹروں نے گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت کا فائدہ اٹھایا اور اتوار کے روز 1485 بزرگ اور 286 معذور ووٹروں نے گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت کا فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ 62 ہزار 927 اہل ووٹروں نے گھر بیٹھے ووٹنگ کی سہولت کے لیے درخواست دی ہے۔ خصوصی پولنگ ٹیمیں ایسے ووٹروں کے گھر جا کر مکمل رازداری کے ساتھ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈلوا رہی ہیں۔ پہلے مرحلے میں 19 نومبر تک گھر بیٹھے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ کی گئی۔ ان ووٹروں کے لیے جو گھر پر ووٹنگ کے پہلے مرحلے کے دوران غیر حاضر رہے، خصوصی پولنگ ٹیمیں 20 اور 21 نومبر کو دوسری بار ان کے گھروں کا دورہ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ضروری خدمات سے وابستہ ووٹر بھی 21 نومبر تک ووٹ ڈال سکیں گے۔