میدانی علاقوں میں بارشیں ، سردی میں ہوا اضافہ ،
لطیف ملک
گول؍؍ اس موسم کی پہلی برف باری کے ساتھ ہی گول و ملحقہ جات کی پہاڑیوں پربرف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئیں۔گزشتہ شب سے ہی گول و ملحقہ جات میں بارشوں و برف باری کا سلسلہ جاری ہوا جس وجہ سے سردی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ گول کے میدانی علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیںجس وجہ سے گول رام بن شاہراہ چھپرن نالے میں پانی کے زیادہ بہائو کی وجہ سے وہاں پتھر گر آئے جس وجہ سے کئی گھنٹوں تک گول رام بن شاہراہ پر آمد و رفت معطل رہا۔ اس دوران گول کی دیگر رابطہ سڑکوں پر بھی ندی نالوں میںپانی کے بہائو کی وجہ سے گاڑیاں نہیں دوڑ پائیں اور بازار میں سناٹا رہا۔امسال موسم کی پہلی برف باری کی وجہ سے گول کے دگن ٹاپ میں چھ انچ کے قریب برف جمع ہوئی جس دوران کافی پھسلن کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک کچھ مسافر گاڑیاں درماند رہیں۔ وہیں گاگرہ ، بھیمداسہ ،کلی مستا کے علاقوںمیں بھی برف باری ہوئی جس وجہ سے میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوا۔ وہیں لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ امسال برف باری کے زیادہ امکانات ہیں جس وجہ سے رسوئی گیس، راشن کا ذخیرہ لازمی ہے تا کہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وہیں سماجی تنظیموں نے بھی غذائی اجناس کے اسٹاک جمع کرنے ورابطہ سڑکوں پر برف اْٹھانے والی مشینری کو پہلے سے ہی تیار کر رکھیںساتھ ساتھ بجلی اور پانی کے رکاوٹوں کو بھی قبل از وقت دور کیا جاناچاہئے تا کہ برف باری اور بارشوں میں بجلی و پانی میں بار بار خلل پیدانہ ہو۔