غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے 33 ویں روز شہید افراد کی تعداد ساڑھے 10 ہزار سے متجاوز

0
0

مراکش میں تین لاکھ افراد سراپا احتجاج، نیویارک میں اسرائیلی بمباری کے خلاف مین ہٹن پْل پر نماز کی ادائیگی
یواین آئی

غزہ/رباط؍؍غزہ میں 33 روز سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسرائیل کے غزہ اور مغربی کنارے میں مظالم کی ایک اور بھیانک رات گزر گئی غزہ پر رات بھر اسرائیلی طیاروں اور توپ خانوں کی بمباری جاری رہی۔فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 214 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 569 ہوگئی ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 4324 بچے، 2823 خواتین اور 649 معمر افراد بھی شامل ہیں۔اس عرصے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 26 ہزار 475 فلسطینی زخمی ہوئے۔خیال رہے کہ 33 روز سے جاری اس جنگ کے باعث غزہ کے 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر بھی ہوچکے ہیں۔وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 193 طبی ورکرز شہید جبکہ 45 ایمبولینسوں کو نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب ڈیفنس فار چلڈرن انٹرنیشنل فلسطین نامی این جی او نے بتایا کہ 1967 سے 7 اکتوبر 2023 سے قبل مغربی کنارے اور غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں جتنے بچے شہید ہوئے، اس دوگنا زیادہ بچے ایک ماہ کے دوران شہید ہوچکے ہیں۔این جی او کے مطابق 1350 بچے ابھی بھی عمارات کے ملبے تلے موجود ہیں اور ان میں بیشتر ممکنہ طور پر شہید ہو چکے ہیں۔ایک تخمینے کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے باعث روزانہ سو سے زائد فلسطینی بچے شہید ہو رہے ہیں۔دوسری جانب غزہ میں صہیونی بربریت کے خلاف جہاں دنیا بھر میں مظاہرے جاری ہیں وہیں گزشتہ روز بھی مراکش میں تین لاکھ افراد سراپا احتجاج رہے اور نیویارک میں اسرائیلی بمباری کے خلاف مین ہٹن پْل پر نماز ادا کی گئی۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، امریکہ، برطانیہ، جاپان، میکسیکو اور ایمسٹرڈیم میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں، مراکش میں تین لاکھ افراد نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔برطانوی شہر ایڈنبرا میں بھی ننھی بچی غزہ میں معصوم بچوں کے حق میں بول پڑی کہا ’’بچوں کو مارنا بند کرو‘‘ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں سیکڑوں شہری سڑکوں پر نکلے اور عالمی برادری سے حماس اسرائیل جنگ بندی کرانے کی اپیل کی۔جنوبی امریکی ملک چلی میں بھی فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ہزاروں لوگوں نے احتجاج کیا، امریکی شہر نیویارک میں غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف ہزاروں لوگوں نے احتجاج کیا اور مسلمانوں نے مین ہٹن پْل پر نماز ادا کی، مظاہرین ’ون ٹو تھری فور آکیوپیشن نو مور‘ اور ’اسرائیل دشت گرد ریاست ہے‘ کے نعرے لگاتے رہے، ایمسٹرڈیم میں بھی سینٹرل اسٹیشن پر ہزاروں لوگ جمع ہوئے اور آزاد فلسطین اور جنگ بندی کا مطالبہ دہراتے رہے۔دوسری طرف صدر بائیڈن نے ایک بار پھر اسرائیلی وزیر اعظم سے فون پر جنگ میں وقفے کی بات کی، مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنس سے ملاقات کی، اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔ غزہ کی صورت حال پر او آئی سی کا اجلاس اتوار کو جدہ میں ہوگا، متحدہ عرب امارات نے غزہ میں 150 بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا