چونی کی پناہ گزینوں سے اپیل :کہا متحد ہو کر اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لیے فیصلہ کن جنگ کے لیے تیار ہو جائیں
لازوال ڈیسک
نوشہرہ؍؍ پاکستان کے زیر قبضہ جموں کشمیر (پی او جے کے) کے بے گھر افراد کے جائز حقوق کے لیے فیصلہ کن جنگ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے، ایس او ایس انٹرنیشنل کے چیئرمین راجیو چونی نے آج بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ ان کے تمام حقیقی مطالبات کو پورا کرے جس کیلئے وہ جد و جہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے بے گھر افراد کے مسائل کا ازالہ کریں ورنہ پی او جے کے مہاجرین کے لاکھوں ووٹروں کے غصے کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہر سیاسی پارٹی نے بے گھر لوگوں کو دھوکہ دیا ،مایوس کیا ہے اور انہیں صرف الیکشن میں ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا۔چونی نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب فیصلہ کن کال لیں اور اپنے جائز مطالبات کی تکمیل کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کریں۔انہوں نے کہاکہ بے گھر افراد کے پاس ووٹ کی طاقت ہے اور ہمیں اس حق کا استعمال کرتے ہوئے کوئی غلط فیصلہ نہیں کرنا چاہیے بالکہ اپنے مطالبات کے ازالے کیلئے حق رائے دہی کو جائز استعمال کرنا چاہئے۔