سری نگر، // جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر یہاں بخشی اسٹیڈیم میں ‘رن فار یونٹی’ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔علاوہ ازیں انہوں نے بخشی اسٹیڈیم اور راج بھون میں جمع ہوئے اجتماع کو ‘راشٹریہ اکتا دیوس’ کا حلف بھی اٹھوایا موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر سردار پٹیل کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے پوسٹ میں کہا: ‘سردار پٹیل نے اپنی مدبرانہ صلاحیتوں، جرات اور حوصلے سے ملک کو متحد کیا اور اس کی علاقائی سالیمت اور خود مختاری کا دفاع کیا تاکہ آنے والی نسلیں عزت، امن اور خوشحالی سے گذر بسر کرسکیں’۔
منوج سنہا نے اپنے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ جموں وکشمیر کے شہریوں کو آج یہ عزم کرنا چاہئے ہم 2047 تک اپنے ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے عظیم اتحاد اور واحد ہدف کے ساتھ کام کریں گے۔انہوں نے کہا: ‘آئے ہم سر دار پٹیل کے وژن اور اقدار کو دوبارہ بحال کرکے معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لئے کام کریں’۔