بی جے پی پورے ہندوستان میں این آر سی نافذ کرے گی:امیت شاہ
یواین آئی
کلکتہ؍؍ملک کی سالمیت کیلئے این آرسی کو ملک بھر میں نفاذ کو ناگزیر بتاتے ہوئے بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے آج کلکتہ میں کہا ہے کہ ہندؤں کو این آر سی کے نام پر خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔پڑوسی ممالک کے اقلیتی طبقہ کو ہندوستانی شہریت دی جائے گی۔کلکتہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ پہلے دو مرحلے میں بنگال میں جن پانچ سیٹوں پر پولنگ ہوئی ہے ا س میں بی جے پی کو سبقت حاصل ہے ۔ریاست کے عوام نے ممتا بنرجی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ممتا بنرجی نے دور اقتدار میں ریاست میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے ہیں۔ریاست میں جمہوریت نام کی کوئی چیز باقی نہیں ہے ۔بنگال میں اب وقت تبدیلی کا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں واضح طور پر کہا ہے کہ بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان سے آنے والے ہندو، بدھشٹ،سکھ،جین اور عیسائی رفیوجیوں کو ہندوستانی شہریت دے گی۔امیت شاہ نے کہا کہ ووٹنگ کے نام پر ممتا بنرجی نے بنگال میں دشت مچارکھا ہے ۔عوام خوف زدہ ہیں، اپنے حق رائے دہی کا استعمال بے خوف ہوکر نہیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے بی جے پی کو بنگال میں ایک موقع دیا تو ہم نے بنگال کی عظمت رفتہ کو بحال کریں گے ۔امیت شاہ نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی بنگال میں رفیوجیوں کے مسئلے کو حل کرسکتی ہے ۔ترنمول کانگریس رفیوجیوں کی ہمدرد نہیں ہے اور وہ اس مسئلے کو حل کرنا نہیں چاہتی ہے ۔امیت شاہ نے کہا کہ شہری ترمیمی بل اور این آر سی کا نفاذ ملک کی سالمیت کیلئے ضروری ہے ۔بی جے پی ملک بھر میں این آر سی کو نافذ کرے گی اور شہری ترمیمی بل کے ذریعہ شہری ترمیمی بل کو نافذ کرے گی۔امیت شاہ نے کہاکہ ممتا بنرجی کو اپنی شکست کا احساس ہوچکا ہے ۔ان کے انتخابی جلسوں میں بھیڑ نہیں ہے اس لیے وہ فرسٹریشن کی شکار ہوگئی ہیں۔ممتا بنرجی جمہوریت کی بات کرتی ہیں مگر خود جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا ہے ۔امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں دہشت گردی کا قلع قمع کیا گیاہے ۔ملک کے عوام یہ جانتے ہیں کہ صرف بی جے پی ہی دہشت گردی کا خاتمہ کرسکتی ہے ۔ملک کے عوام نریندری مودی کو دوبارہ وزارت عظمی ٰ کے عہدہ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔امیت شاہ نے کہا کہ مودی کے پانچ سالہ دور اقتدار میں پوری دنیا میں ہندوستان کا وقار بلند ہوا ہے ۔خیال رہے کہ کل ریاست کے پانچ حلقوں میں مالدہ شمال، مالدہ جنوب، مرشدآباد،جنگی پور اور بالور گھاٹ میں پولنگ ہونی ہے ۔امیت شاہ نے بھوپال لوک سبھا حلقے سے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو امیدوار بنائے جانے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 2008میں مالیگاؤ ں بم دھماکہ میں ٹھاکر کے خلاف غلط مقدمات قائم کرکے ہندؤں کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔عدالت نے انہیں بے قصور ثابت کردیا ہے ۔امیت شاہ نے ممتابنرجی سے سوال کیا کہ وہ کشمیر کیلئے وزیر اعظم اور دفعہ 370پر اپنا موقف پیش کریں۔ایک سوال کے جواب میں امیت شاہ نے کہا کہ نریندر مودی کا بنگال سے انتخاب لڑنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنگال میں جمہوریت کی بحالی کے معاملے میں ممتابنرجی سے کہیں زیادہ بہتر کمیونسٹ تھے ۔ممتابنرجی نے بنگال کے کلچر کو تباہ و برباد کردیا ہے ۔امیت شاہ نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی سرسوتی پوجا اور اور درگا پوجاکی عظمت کو بحال کرسکتی ہے ۔