غزہ پر حملوں میں تیزی،امریکہ نے اسرائیلی کارروائیوں کو حق دفاع قرار دیا

0
0

امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور کینیڈا، اسرائیل کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم
یواین آئی

واشنگٹن؍؍اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں میں تیزی کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اہم مغربی ممالک کے رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطہ کرلیا۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر نے برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے رہنماؤں کے ساتھ اسرائیل فلسطین جنگ پر تبادلہ خیال کیا ہے، وائٹ ہاؤس کی جانب سے بات چیت کی مزید تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ادھر امریکی صدر بائیڈن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، اسرائیلیوں کی حفاظت کیلئے اسرائیل کو درکار تمام ضروریات کو پورا کرنے کو یقینی بنائیں گے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو سے بھی رابطہ کیا ہے اور اسرائیل غزہ تنازعے پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی صدر نے لکھا کہ اسرائیلی وزیراعظم سے جنگی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے پر بات کی ہے اور کہا ہے کہ جنگ میں شہریوں کی جانوں کا زیادہ سے زیادہ تحفظ یقینی بنایا جائے۔امریکی صدر نے کہا کہ امن سے جینے کی خواہش رکھنے والے معصوم فلسطینیوں کو نظر انداز نہیں کر سکتے، اسی وجہ سے غزہ کے فلسطینیوں کیلئے انسانی امداد کی فراہمی کا معاہدہ کیا۔دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے بھی رابطہ کرکے اسرائیل اور غزہ تنازعے پر گفتگو کی، وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں اضافے سے بچنے کی ضرورت پر بھی بات کی۔وہیں امریکہ کیساتھ ساتھ برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور کینیڈا نے مشترکہ بیان میں اسرائیل کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔یہ مشترکا بیان امریکی صدر جو بائیڈن کے اتحادی رہنماؤں سے ٹیلیفونک گفتگو کے بعد سامنے آیا۔بیان میں اسرائیل سے عالمی قوانین کی پاسداری اور شہریوں کے تحفظ پر بھی زور دیا گیا ہے۔دوسری جانب اسرائیل نے حملے روکنے سے انکار کر دیا ہے، اعلیٰ صیہونی عہدیدار نیکہا ہیکہ امریکا کی جانب سے جنگ مؤخر کرنیکے مطالبے سے آگاہ نہیں،انسانی امداد کو حماس کو ختم کرنیکی کوششوں میں رکاوٹ بننے نہیں دیا جاسکتا۔رات گئے اسرائیلی فضائیہ نے غزہ پر مزید بم باری کی ہے، صیہونی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار 7 سو سے تجاوز کرگئی ہے، شہدا میں 40 فیصد معصوم بچے شامل ہیں۔غزہ میں کام کرنے والی اقوام متحدہ پناہ گزین ایجنسی کے اساتذہ سمیت 29 اقوام متحدہ کے اہلکار بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے غزہ کی 31 مساجد بھی شہید ہوئی ہیں۔اسرائیلی ٹینک نے رفح کراسنگ کے قریب مصری چیک پوسٹ کو بھی نشانہ بنایا جس کے باعث امدادی سامان کی ترسیل کچھ دیر کے لیے روک دی گئی تاہم بعد میں رفح کراسنگ سے امدادی سامان کے ٹرکوں کا دوسرا قافلہ غزہ میں داخل ہوگیا، قافلے میں امدادی سامان کے 17 ٹرک شامل ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا