کشتواڑ کے معروف سیاسی و سماجی کارکن واصل ڈولوال کا انتقال
پُرنم آنکھوں سے کیا گیا سپردِ لحد،محبوبہ مفتی سمیت کء سینئر پارٹی لیڈران کا اظہارِ دْکھ
بابر فاروق
کشتواڑ؍؍وادی چناب کے ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے نوجوان معروف سماجی کارکن و ضلع یوتھ صدر پی ڈی پی واصل ڈولوال کا طویل علالت کے بعد منگل کی صبح انتقال ہوا۔ واصل ڈولوال کے انتقال پر جموں وکشمیر کی مختلف سیاسی، سماجی و مذہبی تنظیموں نے دْکھ کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع سے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ واصل ڈولوال تقریباً گزشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے بیمار تھے اور طویل علالت کے بعد کشتواڑ میں منگل کی صبح تقریباً تین بجے انتقال کر گئے۔ واصل ڈولوال کی نماز جنازہ شام ساڑھے پانچ بجے کشتواڑ کے چوگان گراؤنڈ میں ادا کی گئی جہاں خراب موسم کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ واصل ڈولوال گزشتہ کئی سالوں سے پی ڈی پی ضلع اکائی کشتواڑ کے ضلع یوتھ صدر تھے اور انکی موت سے سیاسی و سماجی تنظیموں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا” واصل ڈولوال کے اچانک انتقال پر دْکھ کا اظہار کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، یقین نہیں آ رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے”۔ پی ڈی پی کے دیگر لیڈران بشمول فردوس ٹاک، شیج ناصر، اشتیاق احمد و ارشد گیری نے بھی دْکھ کا اظہار کیا۔ وہیں سوشل میڈیا پر دیگر سیاسی جماعتوں و سماجی و مذہبی تنظیموں نے بھی واصل ڈولوال کی اچانک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔سجاد احمد کچلو سابق وزیر نے نوجوان واصل ڈولوال کی وفات پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا "واصل ڈولوال کی وفات کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہو گیا، واصل ڈولوال میں خدمتِ خلق کا جزبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا، ہمیشہ ملت و وطن کی بہتری کے کیے کام کرنا انہوں نے اپنا شعار بنایا ہوا تھا، ایسے اوصاف والے نوجوان قوم و ملت کا سرمایہ ہوا کرتے ہیں، میں ذاتی طور پر تنظیمی طور پر واصل ڈولوال کہ وفات پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں” ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے کئی نوجوانوں و سیاسی و سماجی کارکنان نے جن میں نصیر باغوان، برہان میر، توصیف کرائپاک، افتخار شاہ، ذاکر بٹ، فیصل حسین، برہان ڈار، امتیاز بشیر، محمد اشفاق، شیخ ظفراللہ عاقب بٹ و سعید شاکر صدیقی نے واصل ڈولوال کی وفات پر دْکھ کا اظہار کیا، انہوں نے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور انکے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ خراب موسم کے باوجود ضلع کشتواڑ کے مختلف علاقوں سے لوگ کشتواڑ پہنچے جہاں واصل ڈولوال کی نماز جنازہ ادا کی اور پْرنم آنکھوں سے انہیں سپردِ لحد کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم واصل ڈولوال کی مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین ثْمہ آمین۔