صدارت پروفیسر انور پاشا نے کی،پروفیسر قدوس جاوید نے’’اردو زبان و ادب میں سماجی اور ثقافتی چیلنجز‘‘کے موضوع پر کلیدی خطبہ پیش کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز نے جموں یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سیمینار ہال میں دو روزہ اردو مصنفین کانفرنس کا کامیابی کے ساتھ افتتاح کیا۔واضح رہے کانفرنس کا عنوان ’’اردو زبان و ادب میں سماجی اور ثقافتی چیلنجز‘‘ تھا۔وہیںکانفرنس کے افتتاحی اجلاس کی صدارت جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے شعبہ کے سابق سربراہ پروفیسر انور پاشا نے کی۔وہیں پروفیسر قدوس جاوید نے’’اردو زبان و ادب میں سماجی اور ثقافتی چیلنجز‘‘کے موضوع پر کلیدی خطبہ پیش کیا۔اس موقع پرجموں یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے پروفیسر اور سربراہ ریاض احمد اوربھرت سنگھ، سکریٹری جے کے اے اے سی ایل نے صدارتی خطاب کیا۔اس موقع پرانیل سہگل مہمان ذی وقار تھے۔شروع میںجے کے اے سی ایل کے سکریٹری بھرت سنگھ (جے کے اے ایس) نے اردو زبان کے لیے احترام اور محبت رکھنے والے ہر ایک کا دل سے خیر مقدم کیا۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو شعبہ اردو میں رکھنے کے پیچھے اصل سوچ یہ ہے کہ اس پروگرام میں اردو کے طلباء اور اسکالرز کو شامل کیا جائے تاکہ زبان کی بہتر ترقی ہو اور بہتر نتائج حاصل ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی زبان کی ترقی ان لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو اس زبان کو پڑھتے اور لکھتے ہیں۔ چونکہ اس شعبہ کو اردو زبان کی ترقی کا مینڈیٹ حاصل ہے اس تقریب کے انعقاد کے لیے کوئی اور جگہ بہتر نہ ہوتی۔وہیںاپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر انور پاشا نے جے کے اے اے سی ایل بالخصوص سیکرٹری بھرت سنگھ کی اس طرح کی ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کے ذریعے جے کے اے اے سی ایل کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے نئی نسل کے مصنفین کو سماجی موضوعات کے مختلف پہلوؤں پر لکھنے کی ترغیب دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اس دوران ڈاکٹر شاہنواز، ایڈیٹر اور کلچرل آفیسر، جے کے اے اے سی ایل نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔