یواین آئی
نئی دہلی؍؍لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج ’انڈین انٹراوکولر امپلانٹ اینڈ ریفریکٹیو سوسائٹی آف انڈیا‘ (IIRSI) کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین امراض چشم اور آئی آئی آر ایس آئی کے دیگر معززین کی امراض چشم کے شعبے میں تعاون کے لیے ان کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ جدید اختراعات، تحقیق اور ٹکنالوجی پر مبنی آنکھوں کی دیکھ بھال کے لیے وقف ہندوستانی ڈاکٹروں نے پوری دنیا کو ہندوستان کی طاقت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔آئی آئی آر ایس آئی کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ گزشتہ 4 دہائیوں سے آئی آئی آر ایس آئی نے نئی ٹیکنالوجی، تجربہ، تحقیق، ایجادات کو بحث اور مکالمے کی بنیاد پر بانٹ کر امراض چشم سے متعلق تمام پہلوؤں پر اہم کردر ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ IIRSI کے ڈاکٹر باقاعدگی سے اپنے خیالات، تجربے، ٹیکنالوجی اور تحقیق کا تبادلہ کرتے ہیں، جس سے عوام اور معاشرے کی فلاح و بہبود یقینی ہوتی ہے۔لوک سبھا کے اسپیکر نے مزید کہا کہ آنکھوں کے ڈاکٹروں نے عوامی خدمات کے شعبے میں میرٹ حاصل کیا ہے اور دور دراز دیہات کے لوگوں کی بیداری اور خدمات کے لیے کام کیا ہے۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ماہرین امراض چشم اکثر گاؤں میں لوگوں کے اندر بیداری پیدا کرنے اور علاج فراہم کرنے کے لیے کیمپ لگاتے ہیں، اس طرح عام لوگوں کو سہولت فراہم کرائی جاتی ہے اور آخری شخص تک جدید اور موثر علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ مسٹر برلا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ڈاکٹروں کو ان کی کوششوں کا صلہ ملا ہے۔لوک سبھا کے اسپیکر نے یاد کیا کہ پرانے زمانے میں لوگ اکثر لاعلمی کی وجہ سے آنکھوں کا علاج نہیں کرواتے تھے، لیکن اب نظام بہت بدل چکا ہے۔ بڑھتی ہوئی آگاہی کی وجہ سے آج لوگ ڈاکٹروں سے بروقت آنکھوں کا علاج کرواتے ہیں۔مسٹر برلا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آج ہندوستان میں کی گئی نئی تحقیق اور اختراع کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی ڈاکٹر اپنی کارکردگی، اختراع اور تحقیق کے لیے دنیا میں جانے جاتے ہیں۔ صحت مند طرز زندگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ آج کے دور میں کئی بار بچوں کو چھوٹی عمر میں عینک لگ جاتی ہے۔بچوں کے زیادہ دیر تک موبائل فون کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ اس سے آنکھوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اس طرف خاص توجہ دیں۔ مسٹر برلا نے کہا کہ فون کا استعمال ذمہ داری سے کیا جانا چاہئے اور لوگوں کو ضرورت سے زیادہ فون کے استعمال کے آنکھوں پر پڑنے والے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی دینا بہت ضروری ہے۔ہندوستان کی جمہوری وراثت کا ذکر کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ ملک جمہوریت کی ماں ہے کیونکہ ہندوستان کے تمام کام اور طرز عمل ویدک دور سے ہی جمہوری رہے ہیں۔