مودی، کھڑگے اور راہل گاندھی کے عوامی جلسے ہوں گے
یواین آئی
جے پور؍؍راجستھان میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی پارٹیوں کے سرگرم ہونے سے انتخابی سرگرمیاں تیز ہونے لگی ہیں اور اگلے چار پانچ دنوں میں وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی جے پور میں عوامی جلسے کریں گے، جبکہ جنائک جنتا پارٹی (جے جے پی) سیکر میں بڑی ریلی کرے گی، وہیں عام آدمی پارٹی اور دیگر پارٹیاں بھی مہم اور ریلیوں کے ذریعے عوام کی توجہ مبذول کرنے کی کوشش کریں گی۔راجستھان میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی ریاست میں ‘پریورتن سنکلپ یاترا’ نکال رہی ہے اور گزشتہ 2 سے 5 ستمبر تک مختلف مقامات سے چار پریورتن یاترا نکالی گئی تھیں اور اب یہ 19 سے 22 ستمبر کے درمیان اختتام پذیر ہو رہی ہیں۔ ان چار یاترا کے اختتام پر 25 ستمبر کو جے پور میں عوامی پروگرام منعقد کیا جارہا ہے جس میں مسٹر مودی شرکت کریں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سی پی جوشی کے مطابق اس موقع پر مودی جے پور کے سورج پورہ (واٹیکا) میں جلسہ عام کریں گے جس میں ریاستی عہدیداروں سے لے کر بوتھ کے صدور تک بی جے پی کارکنان شرکت کریں گے۔انتخابات کے پیش نظر مسٹر مودی کی توجہ گزشتہ کئی مہینوں سے راجستھان پر مرکوز ہے اور وہ گزشتہ ستمبر سے لے کر اب تک تقریبا گزشتہ ایک سال میں ریاست کے آٹھ دورے کر چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ضلع سروہی کے ابو روڈ، بانسواڑہ کے منگڑھ دھام، بھیلواڑہ، دوسہ، ناتھدوارہ، اجمیر، بیکانیر اور سیکر میں عوامی جلسے کیے ہیں۔اسی طرح کانگریس کے متعدد لیڈر بھی کئی بار راجستھان کا دورہ کر چکے ہیں اور 23 ستمبر کو ریاستی کانگریس کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر مسٹر کھڑگے اور مسٹر راہل گاندھی دوبارہ دورہ کر رہے ہیں۔ اس دوران وہ نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اس کے بعد وہ کانگریس کے ضلع، ڈویڑن، بلاک اور بوتھ کے صدور کی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ اس کانفرنس کے ذریعے کانگریس کے لوگ بڑی تعداد میں جمع ہوں گے اور انتخابات کے پیش نظر یہ پیغام دینے کی کوشش کی جائے گی کہ چیف منسٹر کی قیادت میں تاریخی اسکیموں کے ذریعے عوامی فلاحی کاموں سے عوام کو فائدہ پہنچایا گیا ہے۔کانگریس اس الیکشن میں ایسٹرن راجستھان کینال پروجیکٹ (ERCP) کو بھی بڑا ایشو بنانے جا رہی ہے اور ERCP کو قومی اہمیت کا پروجیکٹ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے جن آشیرواد یاترا نکالے گی۔ ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا کے مطابق کانگریس 25 سے 29 ستمبر تک یہ یاترا نکال کر اس معاملے کو عوام کے درمیان لے کر جائے گی۔ یہ یاترا مشرقی راجستھان کے 13 اضلاع کے 86 اسمبلی حلقوں سے گزرے گی۔ جس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔