کوکرناگ میں جاں بحق ہوئے افسران کو خراج عقیدت ادا کیا، ڈی ایس پی ہمایوں مزمل کے سوگوار کْنبے سے جاملے
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران اپنی جانیں گنوانے والے سیکورٹی اہلکاروں اور افسران کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام ایک طویل عرصے سے پر تشدد حالات سے جھوجھ رہے ہیں اور وسیع تباہی اور خونریزی دیکھ چکے ہیں۔ اب یہاں کے لوگ مزید ہلاکتیں اور تباہی برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔موصولہ بیان کے مطابق سید محمد الطاف بخاری آج سابق آئی جی پی غلام حسن بٹ کے گھر واقع ہمہامہ بڈگام گئے اور اْن کے فرزند ڈی ایس پی محمد ہمایوں مزمل کے جاں بحق ہوجانے پر سوگوار کْنبے کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ قابل ذکر ہے کہ ڈی ایس پی محمد ہمایوں مزمل بٹ کرنل منپریت سنگھ اور میجر آشیش دھوناک کے ہمراہ حال ہی میں جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے محمد ہمایوں مزمل کے سوگوار کْنبے کے ساتھ ملاقات کے دوران تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ایک درد ناک سانحہ ہے۔ ہمایوں ایک نوجوان تھا، جس کی شادی محض ایک سال قبل ہوئی تھی اور محض ایک ماہ قبل اللہ نے اْنہیں اولاد سے نوازا تھا۔ اْن کے جاں بحق ہوجانے کی خبر یقیناً کسی صدمے سے کم نہیں تھی۔ میں سوگوار کْنبے کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دست بہ دْعا ہوں کہ اْنہیں اس ناقابلِ تلافی صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔‘‘اس موقعے پر سید محمد الطاف بخاری نے مزید کہا کہ دہشت گردی نے خطے اور اس کے عوام کو تباہ کن حالات سے دوچار کردیا ہے اور اب تک ہزاروں لوگ اپنی متاع جاں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’جموں و کشمیر کے لوگوں نے تشدد کے اس طویل مرحلے کی وجہ سے بے پناہ مصائب برداشت کیے ہیں۔ وہ اپنی سرزمین پر مزید ہلاکتوں اور تباہی کو برداشت نہیں کر سکتے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم سب دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائیں اور دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کریں۔‘‘