لازوال ڈیسک
جموں// ہندوستان کے پہلے اور بہترین انجینئروں میں سے ایک سر موکشگنڈم ویسویشورایا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، گورنمنٹ پولی ٹیکنک جموں نے کالج میں انجینئر ڈے منایا۔اس موقع پر، "سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ- بون یا بنے” کے عنوان پر بین ڈپارٹمنٹل ڈیبیٹ مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام کا افتتاح مہمان خصوصی اور کالج کے پرنسپل ارون بنگوترا نے کیا۔ اپنی افتتاحی تقریر میں، بنگوترا نے سماج کے لیے سر موکشگنڈم ویسویشورایا کے تعاون پر روشنی ڈالی اور نیشن بلڈنگ میں انجینئرز کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے طلباء کو سخت محنت کرنے اور اپنی انجینئرنگ ذہانت، علم اور ہنر کو قوم، معاشرے اور انسانیت کی فلاح کے لیے استعمال کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے طلباء کو سوشل میڈیا کے فوائد اور نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔گورنمنٹ پولی ٹیکنیک جموں کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تیرہ ڈیبیٹرز نے اس موضوع پر پورے جوش و جذبے سے بات کی اور سوشل میڈیا کے فائدے اور نقصانات پر روشنی ڈالی۔پہلے سمسٹر کے طالب علم ساحل شرما نے پہلی، تیسرے سمسٹر کے طالب علم مادھو پنڈو نے دوسری اور پہلی سمسٹر کی طالبہ خوشی جموال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔