نئی دہلی ْْ//جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ایجوکیشنل اسٹڈیزمیں چندریان-۳ کی کامیابی پر ایک انٹرڈپارٹمنٹل کولاج کمپٹیشن کا انعقادکیا گیا۔مقابلے کا موضوع تھا ’بھارت کی چندریان یاترا‘ ۔سبھی تیارشدہ کولاج کے نمونوں کو نمائش کے لیے پیش کیا ۔حکم کے فرائض جامعہ کی پالیٹیکنکل سے ڈاکٹرمحمد خورشید عالم اورجامعہ اسکول میں فائن آرٹس کے لیکچرارسید عارف علی نے انجام دیے۔اس موقع پر صدرشعبہ پروفیسر ارشد اکرام احمد نے سبھی مہمانوں، جج صاحبان اور شرکت کرنے والے سبھی زیر تربیت معلمین ومعلمات کا خیر مقدم کیا۔انھوں نے کہا کہ چندریان -۳ کی کامیابی نے ہر ہندوستانی کا سرفخر سے بلند کردیا ہے۔چندریان کے مختلف پہلوؤ پر اس طرح کے پروگرام سے نہ صرف ہمارے اندر اس کی اچھی سمجھ بوجھ پیداہوگی بلکہ اس سے طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں کو مہمیزکرنے میں مدد ملے گی۔یہ ان قومی حصولیابیوں میں سے ایک ہے جس پر ہر ہندوستانی کو فخرہے۔اب بھارت چاند پر کامیابی سے اترنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے جو کہ ہندوستان کے خلائی ادارے (اسرو)کا عظیم کارنامہ ہے۔اس پروگرام کا انعقادکرنے والے ڈاکٹرعلی حیدر اور ڈاکٹر سمیر بابو ایم نے اس کے اغراض ومقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اوراس حوالے سے حکومت ہندکے رہنمایانہ سرکلرکا حوالہ بھی دیا جس میں قومی سطح پر اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے پر توجہ مرکوزکی گئی ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سرکلر آنے سے پہلے ہی اس مقابلے کا اعلان ہوچکا تھاجو کہ ایک مثبت قدم ہے۔صدر شعبہ پروفیسر ارشداکرام احمد نے مقابلہ جیتے والی سبھی ٹیموں کو اعزاز سے نوازا۔اس مقابلے میں پہلا انعام ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن کی ٹیم فرحین انصاری اور نورین فیض کو ملا، دوسرا انعام شعبہ ریاضی کی ٹیم عصمت خان اور الوینہ یوسف کو ملا جبکہ تیسرا انعام شعبہ تاریخ وثقافت کی ٹیم ثانیہ گوری اور عفیفہ خاتون کو ملا۔پروگرام میں مایہ ناز ماہر ین تعلیم نے شرکت کی جن میںپروفیسر انیتا رستوگی، پروفیسرہرجیت کوربھاٹیا، پروفیسر کوشل کشور، ڈاکٹر سریتا کماری، ڈاکٹرمحمد جاوید اور ڈاکٹر زیبا تبسم وغیرہ شامل ہیں۔ان کے علاوہ کے علاوہ کئی اساتذہ اور یونیورسٹی کے کئی شعبوں کے طلباوطالبات نے شرکت کی اورپرگرام کو خوب سراہا۔جج صاحبان نے بھی سبھی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی اور اس طرح کے پروگراموں کو وقفے وقفے سے منعقدکرنے کی ضرورت پر زور دیا۔پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سمیربابو ایم کے اظہارتشکر پر نمائش اختتام پذیر
ہوگئی۔