آزاد کا وژن ہی جموں و کشمیر کو امن اور ترقی کی نئی صبح کی طرف لے جا سکتا ہے: سروڑی ، بھٹ
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍ ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ اس کا مقصد جموں و کشمیر کے عوام کے دل و دماغ جیتنا ہے اگر وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اقتدار میں آئے تو عوام کے کام احسن طریقے سے کئے جائیں گے۔ ڈی پی اے پی نے کاٹھ پورہ سنبل سونواری اور واچی حلقہ میں ایک روزہ پارٹی کنونشن کا انعقاد کیا۔وہیں سنبل میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے، پارٹی کے سینئر لیڈر اور وائس چیئرمین جی ایم سروڑی نے کہا کہ سماجی شعبوں میں جو بھی سہولتیں اس وقت دستیاب ہیں، زیادہ تر غلام نبی آزاد نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے تیار کی ہیں، انہوں نے کہا کہ جب آزاد مرکزی حکومت میں وزیر صحت تھے، انہوں نے سابقہ ریاست کے لیے مختلف میڈیکل کالجوں کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ اپنے لوگوں کے لیے وژن کہلاتا ہے ان لوگوں کے برعکس جو لوگوں کے جذبات کا استحصال کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو پائیدار ترقیاتی اقدامات کی ضرورت ہے اور قلیل مدتی کاسمیٹک اقدامات کبھی بھی بے روزگاری اور لوگوں کی معاشی پریشانیوں کو ختم کرنے کے لیے کام نہیں کریں گے۔ دریں اثنا، ڈی پی اے پی نے ڈریچو، واچی حلقہ، شوپیاں میں ایک عوامی میٹنگ منعقد کی تاکہ اربن لوکل باڈیز اور پنچایتی انتخابات سے قبل پارٹی کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ واضح رہے یہ کنونشنصوبائی صدر کشمیر ڈی پی اے پی محمد امین بھٹ کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔وہیںبھٹ نے کہاکہ ہماری پارٹی کے رہنما ئوںکے ذہن میں بہت سارے منصوبے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ایک بار جب ان منصوبوں کو زمینی سطح پر نافذ کیا جائے گا، تو غربت ختم ہو جائے گی اور جموں وکشمیر کو ترقی پسند بنانے کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی اے پی بڑے ہجوم کو کھینچنے میں کامیاب ہے جبکہ دوسری جماعتیں بند دروازے کی میٹنگیں کر رہی ہیں کیونکہ وہ عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں اور تقریب میں لوگوں کی کم حاضری کی وجہ سے شرمندگی کا خدشہ ہے۔اس موقع پر بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور لیڈران نے شرکت کی ۔