ممبئی،// بالی ووڈ اداکار اور فلمساز عامر خان کی پروڈیوس کردہ فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
عامر خان کی سابق اہلیہ کرن راؤ نے 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دھوبی گھاٹ’ کی ہدایت کاری کی تھی۔ اس فلم میں عامر نے بطور پروڈیوسر کام کیا تھا۔ کرن راؤ طویل عرصے بعد ‘لاپتہ لیڈیز’ کے ذریعے سلور اسکرین پر واپسی کرنے جا رہی ہیں۔ کرن راؤ کی ہدایت کاری میں بننے والی کامیڈی ڈرامہ فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹیزر میں دو نئی دلہنوں کی کہانی دیکھنے کو ملتی ہے، جو ٹرین کے سفر کے دوران کھو جاتی ہیں۔ اس کے بعد ان کے شوہر تھانے جاکر ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرواتے ہیں۔ پولیس اہلکار روی کشن جب ان سے ان کی بیوی کی تصویر مانگتے ہیں، تو وہ انہیں شادی کی تصویر دیتے ہیں، جسے دیکھ کرایکٹر چونک جاتے ہیں، کیونکہ اس میں لڑکی گھونگھٹ میں ہوتی ہے اور اس کا چہرہ نظر نہیں آتا۔
فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ میں نیتانشی گوئل، پرتیبھا رانٹا، اسپرش سریواستو، چھایا کدم اور روی کشن جیسے کئی اداکار مرکزی کردار میں نظر آنے والے ہیں۔ عامر خان پروڈکشن نے اسے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کیپشن میں لکھا، ‘تاریخ پتہ چلی ہے، ان کا پتہ بھی جلد ہی لگ جائے گا۔ لاپتہ لیڈیز5 جنوری 2024 سے آپ کے نزدیکی سینما گھروں میں۔