ڈپٹی کمشنر پونچھ سے سڑک کا کام جلد شروع کروانے کا کیا مطالبہ
سرفرازقادری
مینڈھر// مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے سب ڈویڑن مینڈھر کے دھارگلون کے نائب سرپنچ کی سرپرستی میں بی آر او کے خلاف ہائر سیکنڈری اسکول دھارگلون بالاکوٹ تا بی جی سڑک کے کام میں پہلے تاخیر کرنے و غلط سائڈ سے شروعات کرنے کے بعد اب سڑک کا کام بند کرنے پر بی آر او ( گریف) محکمہ کے خلاف زبردست احتجاج درج کروایا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کا کام بند ہونے پر علاقہ دھول مٹی سے گرد و غبار سے بھر گیا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے دوکانداروں و عام عوام بالخصوص اسکولی بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے مزید انہوں نے بی ڈی سی و ڈی ڈی سی کی سست روی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ووٹ لینے کے لئے آتے ہیں لیکن کام کے وقت غائب ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سڑک کا کام شروع نہیں کیا گیا تو وہ سڑک کو بند کر شدت سے احتجاج درج کرائیں گے۔ احتجاج درج کروانے والوں میں نائب سرپنچ سیف کے علاوہ حافظ تعظیم، راجا آزاد وغیرہ موجود رہے۔ عوام نے ایس ڈی ایم مینڈھر جہانگیر خان و ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین محمد چوہدری سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ اس معاملے میں ذاتی مداخلت کر بی آر او سے سڑک کا کام بند کرنے کی وجوہات دریافت کریں اور سختی سے انہیں سڑک کا کام دوبارہ جلدی شروع کرنے کی ہدایات جاری کریں تاکہ یہاں کی عوام راحت کی سانس لے پائے۔