نئی دہلی، // آئندہ جی-20 سربراہی اجلاس کو مدنظر رکھتے ہوئے، دہلی میٹرو ٹرین خدمات تین دن کے لئے 8 سے 10 ستمبر تک تمام لائنوں کے ٹرمینل اسٹیشنوں سے صبح 4 بجے شروع ہوں گی۔
دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کے مطابق، سپریم کورٹ میٹرو اسٹیشن کو چھوڑ کر تمام میٹرو اسٹیشن 8 سے 10 ستمبر تک عام لوگوں کے لیے کھلے رہیں گے، کیونکہ سیکیورٹی وجوہات کے سبب مسافروں کو 9 اور 10 ستمبر کو سوار ہونے یا اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈی ایم آر سی نے ایک بیان میں کہا کہ سیکورٹی ایجنسیوں کی ہدایات پر، وی وی آئی پی وفود کے آنے جانے کو آسان بنانے کے لیے نئی دہلی ضلع کے کچھ اسٹیشنوں پر داخلے/ ایگزٹ کو 9 اور 10 ستمبر کو مختصر مدت کے لیے ریگولیٹ کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ تین میٹرو اسٹیشنوں سپریم کورٹ، پٹیل چوک اور رام کرشنا آشرم مارگ کو چھوڑ کر تمام میٹرو اسٹیشنوں پر پارکنگ کی سہولیات معمول کے مطابق دستیاب ہوں گی اور یہ 8 ستمبر کی صبح 4 بجے سے 11 ستمبر کی دوپہر 12 بجے تک بند رہے گی۔
بیان کے مطابق، دہلی میٹرو نے اپنے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ میٹرو خدمات کو آسانی سے چلانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں اور افواہوں پر توجہ دیئے بغیر اسٹیشن کے عملے کی ہدایات پر عمل کریں اور وقتاً فوقتاً حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔