یو این ائی
جموں؍؍ سیکورٹی فورسز نے جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ میں حزب المجاہدین سے وابستہ ملی ٹنٹ جہانگیر سروری کی کمین گاہ کا پردہ فاش کرکے اس کو تباہ کیا ہے۔ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں مصدقہ اطلاعات تھیں کہ بھادت سرور کے پری باغ علاقے میں جہانگیر سروری ملی ٹنٹ کی نقل و حمل ہوئی ہے اور وہ اس علاقے میں رکا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے فوج کی 26 آر آر اور سی آر پی ایف کی 52 بٹالین کی مدد سے تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران دو ٹھکانے مل گئے جن میں سے ایک اس کی سابقہ کمین گاہ تھی جس میں کچھ بھی نہیں تھا۔موصوف ایس ایس پی نے کہا کہ دوسری جگہ جو کمیں گاہ تھی وہاں سے کچھ کمبل، کھانے پینے وغیرہ جیسی چیزیں بر آمد کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پوچھ تاچھ کے لئے کچھ مشکوک افراد کو طلب کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پورے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔