بلاک نوشہرہ نے سکول ہیلتھ پروگرام میں نئے معیارات مرتب کئے
لازوال ڈیسک
نوشہرہ؍؍ایک قابل ذکر کامیابی میں، بلاک نوشہرہ نے ایک مثال قائم کرنے والا سکول ہیلتھ پروگرام قائم کیا ہے، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ طلباء کو صحت کی ضروری خدمات براہ راست ان کے کلاس رومز میں ملیں۔وہیںجاری مہم میری مٹی میرا دیش کے ایک حصے کے طور پر اور آزادی کا امرت مہوتسو کے ساتھ مل کر، بلاک نوشہرہ نے ہر بدھ کواسکول ہیلتھ ڈے کے طور پر نامزد کیا ہے۔ اس اختراعی اقدام کا مقصد دور دراز اور مشکل علاقوں میں رہنے والے طلباء کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔تاہم ہفتہ وار اسکول کیمپس کا انعقاد ڈاکٹر راجیو شرما ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں،کرتار سنگھ اے ڈی سی نوشہرہ اور ڈاکٹر راجندر کمار، سی ایم او راجوری کی رہنمائی میں کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کی سربراہی ڈاکٹر اقبال ملک، بی ایم او نوشہرہ کررہے ہیں۔دریں اثناء اس ہفتہ کو منعقدہ ایک حالیہ تقریب کے دوران، صحت کی ٹیم نے گورنمنٹ ہائی اسکول سیری کا دورہ کیا۔اس ٹیم میں ڈاکٹر اکرم، ڈاکٹر غفور، ڈاکٹر منوج کمار، ڈاکٹر سمیت ، ڈاکٹر موہت اورطبی پیشہ ور افراد شامل تھے۔واضح رہے گزشتہ کئی مہینوں کے دوران، صحت کی ٹیم پوری تندہی کے ساتھ میدان میں کام کر رہی ہے، جس نے ایک اہم اثر ڈالا ہے۔ وہیںٹیم نے نوعمر لڑکوں اور لڑکیوں کو مشاورت کی خدمات پیش کیں اور ضروری آئرن اور کیلشیم کی گولیاں تقسیم کیں۔