منجیت سنگھ نے علاقہ کی ہمہ جہت ترقی کا کیا مطالبہ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے ضلع جموں کی کالیکا کالونی میں ہمہ جہت ترقی کا مطالبہ کیا ہے۔ موصولہ پریس بیان کے مطابق کالیکا کالونی کے وارڈ نمبر61اور67میں اپنی پارٹی ضلع صدر جموں رورل اے پشپ دیو اْپل کے زیر اہتما م میٹنگ منعقد کی گئی جس میں کثیر تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی صدر سردار منجیت سنگھ ودیگر پارٹی لیڈران کی موجودگی میں درجن بھر افراد نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔سردار منجیت سنگھ نے کالیکا کالونی میں لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل کا ذکر کرتے ہوئے منجیت سنگھ نے کہاکہ کالونی میں نالہ پر کلورٹ تعمیر نہ کرنے کی وجہ سے مکینوں کی عام زندگی متاثر ہے۔ مقامی لوگوں نے بارہا اِن مسائل کو حل کرنے کی طرف متعلقہ محکمہ کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی تاہم اِس طرف توجہ ہ دی گئی۔ نالہ برسات کے دوران سیلابی شکل اختیار کر لیتا ہے جس سے عام زندگی درہم برہم ہوکر رہ جاتی ہے۔لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کلورٹ کی تعمیر ناگزیر ہے، نالہ عبور کرتے وقت طلبا کو بھی دقتوں کا سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے وارڈ نمبر67اوروارڈ نمبر61کالیکا کالونی کے تئیں انتظامیہ کی عدم توجہی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یہ علاقہ جات جموں میونسپل کارپوریشن کے تحت آتے ہیں لیکن تعمیر وترقی کے لحاظ سے اِنہیں مکمل نظر اندا ز کیاگیاہے۔ انہوں نے متعلقہ انتظامیہ سے اپیل کی کہ کالیکا کالونی میں تعمیراتی مسائل کو حل کیاجائے۔ انہوں نے انتباہ دیاکہ اگر اِن مسائل کو حل نہ کیاگیا تو اپنی پارٹی احتجاج کرے گی۔اس موقع پر ایس سی ریاستی ونگ بودھ راج بھگت، صوبائی سیکریٹری سوہن سنگھ سونی، سنیئر نائب صدر وائی بہو مٹو، یوتھ سیکریٹری ویشال زوتشی وغیرہ بھی موجود تھے۔