وزیر اعظم مودی 14 اپریل کو کٹھوعہ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے
یواین آئی
جموںوزیر اعظم نریندر مودی 14 اپریل کو خطہ جموں کے ضلع کٹھوعہ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔قبل ازیں وزیر اعظم مودی نے 28 مارچ کو جموں کے اکھنور علاقے میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم کے دورہ جموں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 14 اپریل کو کھٹوعہ میں ادھم پور پارلیمانی نشست کے لئے بھاجپا امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے حق میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے جس میں بھاری تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔بتادیں کہ ادھم پارلیمانی نشست کی ووٹنگ 18 اپریل کو ہوگی۔رویندر رینہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی انتھک کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ پوری دنیا میں بھارت کو شہرت حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس، پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس نے جموں نشست مل کر لڑی لیکن پھر بھی بی جے پی اس سیٹ کو پانچ لاکھ ووٹوں کی برتری سے جیتے گی اور ادھم پوری پارلیمانی سیٹ پر بھی ہم کامیابی کا جھنڈا گاڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے کانگریس پارٹی کو رد کیا ہے کیونکہ ہم نے دیکھا کہ انہیں پولنگ اسٹیشنوں پر بٹھانے کے لئے ایجنٹ تک نہیں ملے تھے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے بائیکاٹ اور دھمکیوں کی کالوں کو درکنار کرکے ووٹ ڈالے۔