لکھنؤ:// اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ افسران عوام شکایت کے ازالے کے لئے سنجیدہ کوششیں کریں۔
اپنی سرکاری رہائش گاہ پر جنتا درشن پروگرام میں وزیر اعلی نے اتوار کو 190فریادیوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل کو سنا۔ انہوں نے ہر کسی کو تیقن دیا کہ سب کے مسائل کا ازالہ ان کی ترجیح ہے۔ فریادیوں کی عرضیوں کو متعلقہ افسران کے حوالے کرتے ہوئے فوری اور تشفی بخش ازالے کی ہدایت دینے کے ساتھ وزیر اعلی نے عوام الناس کو بھروسہ دلایا کہ حکومت ہر متاثر کے مسئلے کے حل کو کمر بستہ ہے۔
اس دوران وزیر اعلی نے افسران سے کہا کہ ہر متاثر کے ساتھ حساس رویہ اپناتے ہوئے اس کی مدد کی جائے۔ کسی کی زمین پر قبضہ کرنے والے ، کمزوروں کو پریشان کرنے والے کسی بھی صورت بخشے نہیں جائیں گے۔ ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
جنتا درشن میں کئی لوگ علاج کے لئے مالی مدد کی گہار لے کر پہنچے تھے۔ وزیر اعلی نے انہیں تیقن دیا کہ سرکار علاج کے لئے پوری مدد کرے گی۔ ان کی عرضیوں کو افسران کے حوالے کرتے ہوئے وزیر اعلی نے ہدایت دی کی علاج سے جڑے اسٹیمیٹ کا عمل جلد از جلد پورا کر کے حکومت کو فراہم کرایا جائے۔