جموں، // جموں و کشمیر کے ضلع اودھم پور میں قومی شاہراہ پر مودی گرائونڈ کے نزدیک جمعرات کی صبح ایک منی گاڑی پلٹ گئی جس کے نتیجے میں 13 یاتری زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ اودھم پور میں قومی شاہراہ پر مژھل ماتا کے لئے جموں جارہی یاتریوں سے بھری ایک منی بس پلٹ گئی جس کے نتیجے میں 13 یاتری زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی اور بچائو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ زخمی یاتریوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور جی ایم سی اودھم پور منتقل کیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت 38 سالہ سریندر کمار ساکن ریشم گڑھ، 30 سالہ پولی دیوی ساکن سانبہ، 45 سالہ سونیتا دیوی ساکن جموں، 40 سالہ پوجا دیوی ساکن سانبہ، 32 سالہ نیشا دیوی ساکن سانبہ جتوال، 21 سالہ روہت کمار ساکن جموں،40 سالہ گوداوری دیوی ساکن جموں، 50 سالہ گھارو دیوی ساکن ریشم نگر جموں، 25 سالہ نیلو دیوی ساکن ریشم نگر جموں، بھارتی دیوی جموں، 15 سالہ ارشتی دیوی ساکن جموں، 30 سالہ ششی دیوی ساکن سانبہ اور 45 سالہ روئی داس ساکن سانبہ کے بطور ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک خاتون شدید طور زخمی ہوئی ہے جس کو جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی ہے۔