’’ میری مٹی ، میرا دیش ‘‘ مہم کے تحت شجرکاری مہم کی قیادت کی
جموں؍؍ڈائریکٹوریٹ آف اِکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس نے آج یہاں ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘‘ پروگرام کے اِختتام کے موقعہ پر ملک گیر مہم ’’ میری مٹی ، میرا دیش ‘‘ کے تحت قوم اور بہادروں کی کامیابیوں کی ایک تقریب منعقد کی۔سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی اور نگرانی محکمہ ( پی ڈی ایم ڈی) ڈاکٹر راگھو لنگر نے تقریب کی صدارت کی اور ڈائریکٹوریٹ کے اَفسروں اور عملے کی شجرکاری مہم کی قیادت کی جس میںڈائریکٹوریٹ کے اَحاطے میں ایک وقف پارک ’’ اَمرت واٹیکا‘‘ میں غیر ملکی اور اَدویاتی پودوں کے مختلف پودے لگائے گئے۔اِس موقعہ پر بلائنڈ سکول روپ نگر کے ہونہار جسمانی طور خاص بچوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا ۔ یہ بچے تعلیم اور پرفارمنگ آرٹس شعبوں میں تمام تر مشکلات کے باوجود اَپنے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے پُر عزم ہیں۔اِس موقعہ پر بچوں نے دیش بھکتی گیت گا کر ماحول کو خوشگوار اور متاثر کن بنایا۔سیکرٹری موصوف نے اَپنے خیالا ت کا اِظہار کرتے ہوئے سول سوسائٹی پرزور دیا کہ وہ ان طلباء کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو پہچاننے کے لئے آگے آئیں ۔بعد میں سیکرٹری نے بچوں کے ساتھ بھی اِستفساری گفتگو کی اور اُن کے عزم و ہمت کی داستانوں کو سراہا اور اَپنے مطلوبہ اہداف کو حاصل کرنے میں ان کی کوششوں کی تعریف کی۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل اِکنامکس اینڈ سٹیٹیٹکس ستویر کور سوڈان، سپیشل سیکرٹری کشور چب، پی ڈی ایم ڈی ، ڈی اِی ایس ، ریجنل ڈائریکٹر کے سینئر اَفسران اور دیگر محکموں کے اَفسران بھی موجو دتھے۔اِس موقعہ پر سیکرٹری موصوف نے اَفسران اور دیگر شرکأ کو قوم کی تعمیر کے لئے اَپنے عزم کو وقف کرنے کے لئے ’ پنچ پران ‘کا عہد بھی لیا۔