سری نگر، // ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے اتوار کے روز کہاکہ پندرہ اگست کو لے کر ہر جگہ سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، اس سلسلے میں چیکنگ کی جا رہی ہے اور ڈرون سرویلنس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یوم آزادی کی تقریبات کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سری نگر میں تین دائروں والی سیکورٹی تعینات کی گئی ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
اے ڈی جی پی نے کہاکہ یوم آزادی کی تقریبات کو پر امن طریقے سے منعقد کرنے کی خاطر تین دائروں والی سیکورٹی تعینات کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ یوم آزادی کی تقریبات کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سبھی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امسال لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے جس کے پیش نظر حفاظت کے بھی غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی کے تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں پر یوم آزادی کی تقاریب کے پر امن انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا سیکورٹی فورسز تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔
وجے کمار نے بتایا کہ کافی عرصے کے بعد بخشی اسٹیڈیم میں امسال یوم آزادی کی تقریب منعقد ہو رہی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس نے سری نگر اور گرد و نواح علاقوں کی فضائی نگرانی کے لئے پچھلے کئی روز سے لالچوک میں ڈرونز کا تجربہ کیا۔
اس موقع پر پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ 15 اگست کے پیش نظر سول لائنز علاقوں کی ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی کی جائے گی۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہابخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں پرچم کشائی کریں گے۔