نئی دہلی،// لوک سبھا نے ملک میں آن لائن گیمنگ اور کیسینوپر 28 فیصداشیا اور سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے نفاذ سے متعلق مرکزی اشیا اور سروس ٹیکس (سی جی ایس ٹی) ترمیمی بل 2023 اور مربوط اشیا اور سروس ٹیکس (اے جی ایس ٹی) ترمیمی بل 2023 جمعہ کو بغیر کسی بحث کے منظور کر لیا گیا وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے ان دونوں بلوں کو ایوان میں پیش کیا جب لوک سبھا کی کارروائی ایک بار ملتوی ہونے کے بعد دوپہر 12 بجے دوبارہ شروع ہوئی۔ اس کے بعد وزیر داخلہ نے انڈین پینل کوڈ، کریمنل پروسیجر کوڈ اور ایویڈینس ایکٹ کو تبدیل کرنے کے لیے تین بل متعارف کرائے اور اعلان کیا کہ انہیں اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیجا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے ایوان کو اپنے بلوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
جی ایس ٹی ایکٹ میں ترمیم کرنے والے دونوں بل منی بلز ہیں۔ اس طرح کے بلوں میں راجیہ سبھا میں ترمیم نہیں کی جا سکتی ہے اور وہاں بحث کے بعد انہیں لوک سبھا میں واپس کر دیا جاتا ہے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے دونوں جی ایس ٹی بلوں کو لوک سبھا میں منظوری کے لیے پیش کیا اور دونوں کو ایوان نے بغیر بحث کے منظور کر لیا۔ اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں نے ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا۔
آن لائن گیمنگ اور کیسینو پر 28 فیصد جی ایس ٹی لگانے کی تجویز کو حال ہی میں جی ایس ٹی کونسل نے منظوری دی تھی۔ مرکزی کابینہ نے اس کے مطابق اس ہفتے سی جی ایس ٹی اور اے جی ایس ٹی ایکٹ میں ترمیم کے مسودہ بل کو منظوری دی تھی۔