نئی دہلی، //سپریم کورٹ نےحوالہ کاروبار معاملے میں طبی بنیادپرمہاراشٹر کے سابق وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس (این سی پی) کے رہنما نواب ملک کو دو مہینے کے لئے عبوری ضمانت دے دی۔
جسٹس انیرودھ بوس اور جسٹس بیلا ایم ترویدی کی دو رکنی بنچ نے اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے مسٹر ملک کو صرف صحت کی بنیاد پر عبوری ضمانت دے دی۔
مسٹر ملک کے وکیل امت دیسائی نے بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ عدالت عظمیٰ نے فیصلہ سنائے جانے کے بعد انہیں (مسٹر ملک) کو صحت کی بنیاد پر پیشگی ضمانت دے دی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ میرے موکل کو سپریم کورٹ نے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ سالیسٹر جنرل نے طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت دینے کی مخالفت نہیں کی۔ کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مسٹر ملک ایک یا دو دن میں جیل سے رہا ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا، جو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے، نے مسٹر ملک کو طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت دینے کی مخالفت نہیں کی۔
مہاراشٹر کے سابق وزیر ملک حوالا کاروبار کیس میں مارچ 2022 سے عدالتی حراست میں ہیں۔ مسٹر ملک نے طبی بنیادوں پر ان کی ضمانت کی درخواست بمبئی ہائی کورٹ سے مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
مسٹر ملک کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل نے عدالت میں دلیل دی کہ مسٹر ملک گردے سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اور ان کے دائیں گردے کی حالت خراب ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر ملک گزشتہ 16 ماہ سے گردے کا علاج کروا رہے ہیں۔
مسٹر مہتا نے پھر کہا کہ اگر مسٹر ملک کو طبی بنیادوں پر ایک خاص مدت کے لئے عبوری ضمانت دی جاتی ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔