ڈی سی پونچھ نے ’میری مٹی میرا دیش‘ مہم کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا
لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍ سماج کے تمام طبقات کے درمیان اتحاد اور فخر کو فروغ دینے کی طرف ایک اہم قدم کے طور پر، ڈپٹی کمشنر پونچھ یاسین ایم چودھری نے پونچھ ضلع میں ’میری مٹی میرا دیش‘ مہم کے آغاز پر تبادلہ خیال کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اس مہم کا مقصد آزادی کا امرت مہوتسو کے دوران بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہندوستان کے بھرپور ورثے اور حب الوطنی کے جذبے کو منانا ہے، جو کہ یوم آزادی 2023 کی خاص تقریب ہے۔وہیںمیٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ’میری مٹی میرا دیش‘ مہم کی اہمیت پر زور دیا اور امرت سروورز، پنچایت گھر، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات پر یادگاری تختیاں لگانے کی ہدایت دی تاکہ قوم کے لیے عظیم قربانیاں دینے والے بہادروںکو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔مہم کی مؤثر نگرانی اور نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ اور متعلقہ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز (بی ڈی او) کو بالترتیب ضلع اور بلاک کی سطح پر نوڈل آفیسر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ نے میری مٹی میرا دیش مہم کے تحت مختلف موضوعات کا جائزہ پیش کیا، جس میں ضلع میں منعقد ہونے والی تقریبات شامل ہیں۔دریں اثناء یادگاری تختیوں کی تنصیب کے لیے مخصوص مقامات جیسے امرت سروور، پنچایت بھون اور دیگر عوامی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ سندیش کمار شرما، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ پونچھ عابد حسین شاہ، ضلع پنچایت آفیسر چندرکانت، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ایاز بھٹ، چیف ایجوکیشن آفیسر بشمبر داس، بی ڈی اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔