بٹن نمبر چار کام نہیں کررہا تھا!

0
0

پونچھ میں ووٹنگ مشینوں اور ایک مخصوص پارٹی کے ای وی ایم بٹن میں خرابی سے پولنگ عمل متاثر
سیدنیازشاہ

پونچھجموں پارلیمانی نشست کے لئے جمعرات کی صبح پولنگ شروع ہونے کے بیچ جہاں ضلع پونچھ کے قریب دو درجن پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹنگ مشینیں بے کار ہونے کے باعث لوگوں نے ووٹ ڈالے بغیر ہی گھروں کی راہ لی وہیں چند ویڈیوز وائرل ہوئے جن میں رائے دہندگان بالخصوص پولنگ ایجنٹس یہ کہہ رہے ہیں کہ ووٹنگ مشینوں میں کانگریس پارٹی کے لئے مقرر بٹن نمبر چار بے کار ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق پونچھ ضلع کے قریب دو درجن پولنگ اسٹیشنوں کے رائے دہندگان نے جمعرات کی علی الصبح سے دوپہر تک انتظار کرنے کے بعد بالآخر ووٹ ڈالے بغیر ہی اپنے گھروں کی راہ اختیار کی۔ ان پولنگ اسٹیشنوں میں مشینیں یا تو خراب تھیں یا ان مشینوں میں کانگریس پارٹی کا بٹن کام نہیں کررہا تھا۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں لورن پونچھ کے ایک پولنگ ایجنٹ کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ گورئمنٹ مڈل اسکول لورن میں قائم پولنگ اسٹیشن پر جب جمعرات کی صبح قریب ساڑھے چھ بجے رائے دہندگان جن میں مرد وخواتین شامل تھے، ووٹ ڈالنے پہنچے تو وہ کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد بغیر ووٹ ڈالے ہی گھر چلے گئے کیونکہ ووٹنگ مشین میں کانگریس پارٹی کے لئے مختص بٹن نمبر چار کام نہیں کررہا تھا۔ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے: ‘پہلے ہم نے دیکھا کہ ووٹنگ مشینوں میں کانگریس پارٹی کے لئے مقرر بٹن نمبر چار کام نہیں کررہا ہے اور دوسری مشین دی گئی تو اس میں بھی بٹن نمبر چار بے کار تھا اور اس کے بعد لوگ ووٹ ڈالنے کے بغیر ہی چلے گئے’۔لورن کے ایک ووٹر کو ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے: ‘یہاں مشین کا بٹن نمبر 4 کام نہیں کررہا تھا۔ پھر یہاں دوسری مشین لائی گئی لیکن وہ کھلی نہیں۔ یہاں سے سبھی ووٹر واپس چلے گئے ہیں’۔ایسی ہی شکایت شاہپور پونچھ سے بھی موصول ہوئی جس کی متعلقہ پریذائیڈنگ افسر نے تصدیق بھی کی۔ اس پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کے لئے آئے ایک شہری نے بتایا ‘جہاں جہاں کانگریس کے حق میں ووٹ پڑنے ہیں وہاں مشینیں خراب ہورہی ہیں یا ہینگ ہورہی ہیں۔ یہاں پر کانگریس والے بٹن کو خراب کیا گیا ہے۔ ہمیں وہی بٹن دبانا تھا۔ ہمارے ووٹ کانگریس کے لئے ہیں’۔ایک بزرگ ووٹر کا کہنا تھا ‘آج صبح جب قطار در قطار لوگ یہاں پہنچے تو جوں ہی ہم نے ووٹ ڈالنے شروع کئے تو مشین کا اصل بٹن کام نہیں کررہا تھا۔ باقی سبھی بٹن کام کررہے تھے’۔متعلقہ پولنگ اسٹیشن کے پریذائیڈنگ افسر بشیر احمد نے مشین میں خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ‘ہمارے پاس عملے کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ہم نے وقت پر ہی پراسس شروع کیا تھا لیکن ایک دقت یہ آرہی ہے کہ ہماری میشن میں ایک بٹن کام نہیں کررہا ہے۔ ہم نے متعلقہ حکام کو مطلع کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ تک یہ اطلاع جاچکی ہے۔ ماہرین کی ایک ٹیم آرہی ہے’۔یہ پوچھے جانے پر کہ میشن کا کونسا بٹن کام نہیں کررہا ہے تو ان کا جواب تھا: ‘بٹن نمبر چار ہاتھ والا کام نہیں کررہا ہے’۔اس سے قبل مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ منڈی پونچھ کے بس اڈے میں واقع ایک پرائیویٹ ہوٹل میں بدھ کے روز تین ووٹنگ مشینوں کو پایا گیا جنہیں بعد میں پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔لورن بلٹ میں ہی ایک اور ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں مقامی لوگ الزام لگاتے ہیں کہ بی ایس ایف کا ایک اہلکار لوگوں خاص کر گجر طبقے سے وابستہ لوگوں سے کہتا ہے کہ تم لوگ بی جے پی کو ووٹ کیوں نہیں ڈالتے ہو۔ویڈیو میں لوگوں کو بی ایس ایف اور بی جے پی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔دریں اثنا ضلع پونچھ میں ای وی ایم مشینوں میں خرابی یا ایک مخصوص بٹن کی خرابی کی وجہ سے رائے دہندگان میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔رائے دہندگان کے ایک گروپ نے بتایا ‘ہم صبح چھ بجے سے یہاں انتظار کررہے ہیں۔ کچھ ووٹر مایوس ہوکر واپس چلے گئے ہیں۔ ان کی مشینیں کام نہیں کررہی ہیں۔ تیس ووٹ ڈالنے کے بعد ہی مشین خراب ہورہی ہے۔ یہ جان بوجھ کر کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا ‘ہم نے سنا کہ سرنکوٹ، پونچھ، منڈی اور فتح پور میں بھی ایسا ہی ہوا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پولنگ دوبارہ ہو۔ ہمارے ووٹوں کو ضائع کرنے کے لئے یہ سب کیا جارہا ہے۔ ہم یہاں سے نہیں جائیں گے’۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا