پاکستان والے چاہتے ہیں کہ مودی صاحب دوبارہ کامیاب ہوجائیں: عمر عبداللہ
یواین آئی
سری نگرنیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ نریندر مودی دوبارہ ہندوستان میں بر سر اقتدار آجائیں۔نیشنل کانفرنس کی طرف سے قومی شاہراہ پر پابندی کے متعلق سرکاری فیصلے کے خلاف احتجاجی دھرنے کے حاشیہ پر عمر عبداللہ نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ‘مودی جی کہہ رہے تھے کہ پاکستان اور ملی ٹینٹ اُن کو ہرانا چاہتے ہیں لیکن آج صاف ہوا کہ پاکستان والے چاہتے ہیں کہ مودی صاحب دوبارہ کامیاب ہوجائیں’۔ دریں اثںا پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے ایک انٹرویو میں یہ کہنے کہ اگر ہندوستان میں بی جے پی دوبارہ بر سر اقتدار آسکتی ہے تو دونوں ممالک کے درمیان تمام مسائل حل ہونے کی زیادہ امیدیں ہیں، پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ‘مودی صاحب ملک کو بتا رہے ہیں کہ صرف پاکستان اور اس کے ہمدر بی جے پی کی شکست چاہتے ہیں۔ عمران خان نی ابھی اس کی دوسری بار وزیر اعظم بننے کی حمایت کی ہے’۔عمر عبداللہ نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا ‘اگر عمران خان نے راہل گاندھی کو وزیر اعظم بننے کی حمایت کی ہوتی تو ”چوکیدار” راہل گاندھی اور کانگریس کے خلاف کیا کیا کہہ رہے ہوتے’۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ بہت جلد ہم ‘چوکیدار عمران خان’ ٹویٹر ہینڈل دیکھیں گے۔قابل ذکر ہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر کانگریس عام انتخابات جیت کرہندوستان میں حکومت بنائے گی تو انہیں (کانگریس کو) پاکستان کے ساتھ تنازعے حل کرنے میں دائیں بازو کی جماعت بی جے پی کا خوف رہتا ہے۔