لازوال ڈیسک
جموں؍؍ایمبیسیڈر یووا سنگم فیز 1، نزاکت چودھری کو وزارت تعلیم نے قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کی تیسری سالگرہ کی شاندار تقریب میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے۔یہ باوقار قومی تعلیمی پالیسی تقریب 29 جولائی اور 30 جولائی کو نئی دہلی کے پرگتی میدان میں منعقد ہوئی۔ اتنی اہم قومی تقریب میں خطے کے نمائندے کے طور پر نزاکت کا انتخاب ان کی تعلیم اور ثقافتی تبادلے کے لیے لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نزاکت چوہدری کا تعلق پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن سے ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کی تیسری سالگرہ کی تقریب کے دوران چوہدری کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بات چیت کرنے کا اعزاز حاصل ہو ا، انہوںنے تعلیمی پالیسی اور ملک کے تعلیمی منظر نامے کی پیشرفت کے بارے میں بامعنی بات چیت میں حصہ لیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ نزاکت چوہدری کی نمایاں خدمات کو وزیر اعظم نریندر مودی پہلے ہی تسلیم کر چکے ہیں، جنہوں نے ذاتی طور پر ایک خط کے ذریعے نزاکت کے اشتراک کے اقدام کی تعریف کی تھی۔نامزدگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، نزاکت چودھری نے کہا کہ، "NEP کی تیسری سالگرہ کی تقریب میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کے لیے منتخب ہونا ایک ناقابل یقین اعزاز ہے۔ میں تعلیم پر مکالمے میں حصہ ڈالنے اور ہمارے خطے کے شاندار ورثے کو ظاہر کرنے کے موقع کے لیے شکر گزار ہوں۔