وقف بورڈ کے عملے، سرکاری محکموں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے سرکردہ نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کی
لازوال ڈیسک
راجوری؍؍وزیرمملکت اور جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی آج راجوری میں شاہدرہ شریف پہنچیں اور مقامی انتظامیہ، وقف افسران اور عوامی وفود نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے بابا غلام شاہ بادشاہؒ کے مزار پر حاضری دی اور کل منعقد ہونے والی سالانہ عرس کی تقریبات کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر اندرابی نے وقف بورڈ کے عملے، سرکاری محکموں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے سرکردہ نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کی اور سبھی کو ہدایت دی کہ وہ کل عرس کو خوش اسلوبی سے منعقد کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تال میل سے کام کریں۔ انہوں نے تمام ضروری انتظامات کرنے پر وقف بورڈ کے افسران اور محکمہ کے انچارجوں کی ستائش کی۔ بعد ازاں ڈاکٹر اندرابی نے جموں و کشمیر کے اس مشہور روحانی مرکز کے لیے وقف بورڈ کے ترقیاتی منصوبے کے بارے میں بات کی۔ ڈاکٹر درخشاں نے کہا،’’بورڈ کے بہت سے نئے اقدامات یقینی طور پر اس صوفی مزار کی سہولیات کو اپ گریڈ کریں گے‘‘۔