صفائی ستھرائی وتعمیروترقی کا فقدان اور بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوام پریشان:منجیت سنگھ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍وارڈ نمبر6گجرنگر جموں میونسپل کارپوریشن کی عدم توجہی کا شکار ہے جہاں کے مکینوں کو کئی قسم کی مشکلات کا سامنا ہے۔ کارپوریشن شہر جموں کے اس اہم رہائشی وتجارتی مرکز کے ترقیاتی مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اِن باتوں کا ذکر اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے وارڈ نمبر6گجر نگر جموں میں پارٹی ورکروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا اہتمام ضلع جنرل سیکریٹری محمد آصف نے کیاتھا۔سردار منجیت سنگھ نے اپنی پارٹی کی یکساں ترقیاتی پالیسی کی بھرپور حمایت کے لئے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کے دوران لوگوں کی طرف سے تقری، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے متعلق اْجاگر کئے گئے مسائل کے رد عمل میں انہوں نے کہاکہ بدقسمتی کی بات ہے کہ گجر نگر جموں میونسپل کارپوریشن کی حدود میں آتا ہے لیکن پھر بھی کارپوریشن نے یہاں پر رہائش پذیر ہزاروں لوگوں کو نظر انداز کر رکھا ہے۔ اِس رہائشی علاقہ میں مارکیٹ اور ہوٹل بھی ہیں لیکن یہاں پر پارکنگ کے لئے معقول جگہ نہیں، گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل سڑک نہیں اور اِس گنجان آبادی والے علاقہ میں گلیوں اور نالیوں کی حالت خستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ گجر نگر وارڈ نمبر6میں سب سے بڑا مسئلہ صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ جمع کرنے کا ہے۔صفائی ستھرائی کے ناقص نظام کی وجہ سے دوران ِ برسات گلی کوچے کوڑا کرکٹ سے بلاک ہوجاتے ہیں اور کچرا مارکیٹ علاقوں میں بکھرجاتاہے۔ جموں میونسپل کارپوریشن کی بد نظمی علاقہ کی غلط تصویر پیش کر رہی ہے۔ بار ہا لوگوں نے میونسپلٹی کی توجہ اِس طرف مبذول کروانے کی کوشش کی مگر پھر بھی اس طرف توجہ نہ دی گئی۔منجیت سنگھ نے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور پانی سپلائی میں خلل سے معمو ل کی زندگی متاثر ہونے پر بھی تشویش ظاہر کی اور مطالبہ کیاکہ گجر نگر اور شہر جموں کے دیگر سبھی علاقہ جات میں بغیر کٹوتی بجلی سپلائی کی جائے۔ مقامی لوگوں نے اسٹریٹ لائٹوں کی نامناسب تنصیب اور عدم فعالیت، آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد سے راہگیروں کی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ گجرنگر کے نوجوان تندرست وتوانا ہیں اور اْن کی توانائی اور صلاحیتوں کو مثبت سمت بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایاکہ اْن کی طرف سے اْجاگر کئے گئے مسائل کو متعلقہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایاجائے گا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سماج کے سبھی طبقہ جات کی ہمہ جہت ترقی کے لئے اپنی پارٹی کی حمایت کریں۔اس میٹنگ میں سنیئر صوبائی نائب صدر جموں فقیر ناتھ، معاون جنرل سیکریٹری ارون کمار چبر، ریاستی صدر اپنی ٹریڈ یونین اعجاز کاظمی، ریاستی صدر او بی سی ونگ بھگت رام، ترجمان یاسر خان، ریاستی نائب صدر یوتھ ونگ اور ترجمان رقیق احمد خان، صوبائی صدر یوتھ ونگ جموں وپل بالی، صوبائی صدر اپنی ٹریڈ یونین راج شرما، سنیئر ضلع نائب صدر جموں اربن وائی بہو مٹو، ضلع سیکریٹری اشرف چودھری، ضلع یوتھ صدر شیوم چودھری، صوبائی سیکریٹری یوتھ ونگ ویشال جوتشی اور سلمان چودھری وغیرہ بھی موجود تھے۔