64 نارکو سپلائیر بشمول 13 خواتین سمگلرز چھ ماہ میں گرفتار: ایس ایس پی سانبہ بینام توش
لازوال ڈیسک
سانبہ// سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سانبہ بینام توش کی رہنمائی میں، سانبہ پولیس نے ایک اور انتہائی مطلوب خاتون ہیروئن سپلائر "تونا” کو گرفتار کرکے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔وہیں گرفتار ہیروئن سپلائی کرنے والی کی شناخت جنہ بی بی عرف تونا ولد عبدالرشید عرف بگو سکنہ بلول نالہ بڑی برہمنہ ضلع سانبہ کے نام سے ہوئی ہے۔واضح رہے تونا ہیروئن فراہم کرنے والی خواتین میں سے ایک ہے اور وہ اپنے بلول نالہ کے ٹھکانے سے کام کرتی تھی جہاں سے وہ سانبہ جموں، ادھم پور، کٹھوعہ، ریاسی، راجوری، پونچھ، کے منشیات فروشوں اور انفرادی عادی افراد کو مہلک ہیروئن فراہم کرتی تھی۔تونا قانون کی نظروں سے بچنے کے لیے زیادہ تر رات کے اوقات میں کام کرتی تھی۔ وہ پنجاب سے ہیروئن اکٹھی کر کے چھوٹے چھوٹے منشیات فروشوں کو بھاری مارجن پر سپلائی کرتی تھی۔ دریں اثناء پولیس نے تین لاکھ روپے کی غیر قانونی رقم برآمد کی تھی جسے اس نے فنکشنل چولہے کے نیچے چھپا رکھا تھا جہاں ضبط شدہ بھاری نقدی تونا نے ہیروئن کی غیر قانونی اسمگلنگ کے ذریعے جمع کی تھی۔ تاہم، چھاپے کے دوران تونا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی تھی جس وقت ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او نے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی موجودگی میں چھاپہ مارا تھا۔ وہ پولیس تھانہ بڑی برہمنہ میں درج دیگر NDPS مقدمات میں بھی مطلوب تھی جس میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔تونا کو پولیس نے 72 گھنٹے طویل مسلسل چھاپوں اور ناکہ چیکنگ کے بعد گرفتار کیا جس کی قیادت مختلف ٹیموں نے ایس ڈی پی او بڑی برہمہ راہول نگر، ایس ایچ او بڑی برہمنہ سنیل شرما، ایس ایچ او وجے پور تریبھون کھجوریا اور انچارج پولیس چوکی سپوال پی ایس آئی دیپیکا جلوترا کی نگرانی میں کی۔ اس سلسلے میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سانبہ بینام توش نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں 13 خواتین منشیات سپلائی کرنے والیوں سمیت کل 64 سخت منشیات سپلائی کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور کئی دیگر کے خلاف قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔