یو این آئ
وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت اور پارلیمانی حلقہ ادھم پور سے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ان کی جماعت مذہب کے نام پر ووٹ نہیں مانگتی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ اس کو دینے چاہیے جو ایماندار ہو۔جتیندر سنگھ نے اتوار کے روز یہاں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ‘مودی جی نے کہا تھا کہ ہم سرکار چلانے نہیں آئے ہیں بلکہ ملک چلانے آئے ہیں۔ ہمیں ایسا ووٹ نہیں چاہیے جو تقسیم کرکے آیا ہو۔ میں آج بھی نہیں مانگوں گا۔ ہم مذہب کے نام پر ووٹ نہیں مانگیں گے چاہیں ملیں یا نہ ملیں۔ آپ ہماری ایمانداری کو ووٹ دیجئے’۔انہوں نے کہا ‘آج جب کوئی ہندوستانی باہر جاتا ہے تو کوئی پوچھتا تک نہیں کہ تو ہندو ہو یا مسلمان ہو یا برہمن۔ ہندوستان کے نوجوانوں کی آج کل اتنی قدر ہے کہ وہ بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہیں۔ ہماری شناخت ہی بدل چکی ہے۔ جو شناخت بدل چکی ہے اس میں ہمیں پھر سے دھکیل کر ووٹ مانگے جارہے ہیں’۔