لازوال ڈیسک
سرینگر//آج 15 جولائی 2023 کو جموں اینڈ کشمیر اکیڈمی آف آرٹ ،کلچر اینڈ لینگویجز سری نگر کے زیر اہتمام ٹیگور ہال سری نگر میں "Meet The Eminent Writer”سیریز کے تحت مایہ ناز شاعر و ادیب اور معروف براڈکاسٹر جناب رفیق راز کے ساتھ ایک ملاقات کا انعقاد کیا گیا۔ اس نشست کے دوران صدارت کے فرائض پروفیسر ایاز رسول نازکی نے انجام دیے جب کہ پروفیسر شیخ اعجاز محمد بہ طور مہمان خصوصی شامل تھے اور جناب ڈاکٹر مرزا فاروق انوار انچارج ڈیویجنل آفس کشمیر بہ طور میزبان ایوان صدارت میں موجود تھے۔ نشست کے دوران نوجواں اسکالر جناب جاوید رسول نے رفیق راز کے فکر و فن پر اپنا مقالہ بہ عنوان "صاحب اسلوب شاعر…رفیق راز ” پیش کیا جسے بے حد سراہا گیا۔اس دوران نوجوان اسکالر ڈاکٹر شبیر احمد کی کتاب "اردو مابعد جدیدیت شاعری اور تصوف کی واپسی ” کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔
تقریب کے دوران رفیق راز نے اپنی زندگی اور شعر و شاعری کے طویل سفر کے حوالے سے مفصل گفتگو کی اور حاضرین کے استفسارات کے جوابات اپنے مفصل طور پر تجربات کی روشنی میں دئیے۔ اس نشست کے دوران جناب ابدال مہجور، نذیر فدا ،پروفیسر مجروح رشید ، محمد امین بٹ ،غنی غیور ،رخسانہ جبین ،مشتاق احمد مشتاق ،شبیر مجاہد ، ناصر مرزا، برج ناتھ بیتاب ،شکیل الرحمان ، پروفیسر فاروق فیاض ، مولانا شوکت حسین کینگ ،مشتاق مہدی، شمشاد کرالہ واری ،ڈاکٹر مشتاق حیدر ،ڈاکٹر کوثر رسول،حسن انظر ،ڈاکٹر راشد عزیز ، شفیع احمد ، محمد ایوب میر نعیم کرناہی ، ڈاکٹر عابد احمد ، ڈاکٹر عرفان عالم، شہزادہ سلیم ،ڈاکٹر نگہت نظر ، ڈاکٹر شبنم عشائی ،محمد یوسف شاہین ، ڈاکٹر حسرت حسین اور کشمیر یونیورسٹی اور سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے ریسرچ اسکالرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت مدیر شیرازہ اردو محمد سلیم سالک نے کی۔