پی ڈی پی ظالمانہ فیصلے کا مقابلہ کرنے کی خاطر عدالت کا رخ کرےگی
کے این ایس
سرینگرپی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے شاہراہ پر لوگوں کی نقل وحرکت پر قدغن عائد کرنے کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کوشاہراہ پر آکر پابندی کا مقابلہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سوموار کو شاہراہ پر عام لوگوں کی نقل و حمل پر حکومت کی طرف سے پابندی عائد کرنے کی کارروائی پر اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کو شاہراہ پر آکر کرفیو جیسی بندشیں توڑنے کی اپیل کی ۔ محبوبہ مفتی نے اپنے کارواں کے ہمراہ حکومتی فیصلے کا مقابلہ کرتے ہوئے شاہراہ پر آکر یہاں اپنے غصے کابھر پور اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر کشمیریوں کا ہے اور یہاں کی سڑکیں کشمیریوں کی ہیں۔انہوں نے اس موقعے پر بتایا کہ ”لوگوں کو شاہراہ پر چلنے کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت ہند کو ایسے ظالمانہ اور جابرانہ اقدامات سے گریز کرنا چاہیے، وہ کشمیر میں قابض طاقت نہیں ہے لیکن اس فیصلے کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیاجائےگا۔محبوبہ مفتی نے بتایا کہ میں اپنے لوگوں کا اس طرح تڑپتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی، میں نے شاہراہ پر متعدد مقامات پر ضرورت مند نوجوانوں اور بزرگوں کو پیدل سفر کرتے ہوئے دیکھا۔ محبوبہ مفتی نے بتایا کہ حکومتی فیصلہ کا مقابلہ کرنے کی خاطر پی ڈی پی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے گی، پی ڈی پی ان ظالمانہ ہتھکنڈوں کو ٹھنڈے پیٹ برداشت نہیں کرےگی۔