کانگریس ملک سے غداری کا قانون ختم کرنا چاہتی ہے

0
0

ہندستان نے پاکستان میں گھس کر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا ہے :راجناتھ سنگھ
یواین آئی

جموئی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کانگریس پر ملک سے غداری کا قانون ختم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہاکہ یہ قانون ختم نہیں ہوگا بلکہ اسے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ مسٹر سنگھ نے یہاں شری کرشن سنگھ اسٹیدیم میں جموئی پارلیمانی حلقہ سے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے امیدوار چراغ پاسوان کے حق میں ایک انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے 2019کے لوک سبھا انتخابات کے لئے جاری منشور میں دعوی کیا ہے کہ اگر اس کی حکومت بنی تو ملک سے غداری قانون ختم کردیا جائے گا لیکن مرکز میں پھر سے بننے والی این ڈی اے حکومت اس قانون کو ختم کرنے کی بجائے اسے مزید مضبوط بنائے گی۔ بی جے پی لیڈر نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی اہل قیادت میں ہندستان نے گزشتہ تقریباََ پانچ برس میں ترقی کے نئے آیام قائم کئے ہیں۔ سابق وزیراعظم اعظم اٹل بہاری واجپئی کے بعد نریندر مودی ہی ایسے وزیراعظم ہیں جنہوں نے ہندستان کو دنیا کے چوٹی کے ممالک میں پہنچانے کا کام کیا ہے ۔ آئندہ کچھ برسوں میں ہندستان دنیا کے چوٹی کے تین ممالک میں آجائے گا۔ مسٹر سنگھ نے کہاکہ گزشتہ پانچ برس کے دوران مرکزی حکومت پر بدعنوانی کا ایک بھی الزام نہیں لگا جبکہ سابقہ کانگریس کی قیادت والی ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) حکومت میں وزرا تک نے جیل کی ہوا کھائی ہے ۔ بہار میں مہاگٹھ بندھن کے لیڈروں کا بھی یہی حال رہا ہے ۔ پانچ برس کے کام کاج کے بعد بھی نریندر مودی کی طرف کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ہے بی جے پی لیڈر نے کہاکہ ملک کے ضرورت مندوں کے لئے مودی حکومت نے کئی فلاح و بہبود کی اسکیمیں شروع کی ہیں۔ اب مرکز کی اسکیموں کا فائدہ سیدھا فیض یاب ہونے والوں کے بینک اکاونٹ میں پہنچتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے وقت 2008سے 2014تک صرف 25لاکھ گھر بنے تھے جبکہ گزشتہ پانچ برس میں ہی ایک کروڑ تیس لاکھ گھر بنے ہیں ۔ اسی طرح آزادی سے لیکر 2014تک صرف 40فیصد ٹوائلیٹ کا کام ہواجبکہ مسٹر مودی کی مدت کار میں باقی بچے 58فیصد گھروں میں ٹوائلیٹ کی تعمیر کرا دی گئی ہے ۔ مسٹر سنگھ نے ملک کی سیکورٹی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہاکہ اب دنیا کی کوئی طاقت ہندستان کو آنکھ نہیں دکھا سکتی ہے ۔ جموں وکشمیر کے پلوامہ حملے کے بعد ہندستان کی طرف سے دہشت گردوں کو جواب دیا گیا اور وہ بھی ان ہی کی زبان میں۔ ہندستان نے پاکستان میں گھس کر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ مسٹر مودی کی مدت کار میں ہندستان نے بحری، بری اور فضائیہ تینوں میں اپنی طاقت بڑھائی ہے ۔ اڑی اور پلوامہ حملہ کے بعد ہندستان کی جوابی کارروائی سے پوری دنیا میں ایک پیغام گیا ہے ۔ دنیا کے بیشتر ملک دہشت گردی کے معاملہ پر آج ہندستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے مسٹر نریندر مودی کو پھر سے وزیراعظم بنانے کے لئے جموئی سے لوک جن شکتی پارٹی کے امیدوار چراغ پاسوان کو بڑی تعداد میں ووٹوں سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا