یواین آئی
سری نگر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے امام صاحب علاقہ میں ہفتہ کو ہونے والے ایک مختصر تصادم میں دو جنگجو مارے گئے۔مہلوک جنگجوﺅں کی شناخت راہیل رشید شیخ ساکنہ ننر گاندربل اور بلال احمد ساکنہ کیگام شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں حزب المجاہدین سے وابستہ تھے۔ ان میں سے راہیل ایم ٹیک کی پڑھائی چھوڑ کر جنگجوﺅں کی صفوں میں شامل ہوگیا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے امام صاحب علاقہ میں میوہ باغات میں جنگجوﺅں کے چھپے ہونے سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز مذکورہ علاقہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوﺅں نے فورسز پر فائرنگ کی، جوابی کاروائی کے بعد طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں دو جنگجو مارے گئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مارے گئے جنگجوﺅں کی لاشیں برآمد کرکے ان کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کا پتہ لگانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔