کہا ایسے شرپسندوں کو سخت سزادلوا کر انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جانا چاہئے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍حالیہ دنوں میں سویڈن کے شہر اسٹاکہوم اور ہالینڈ کے شہر ہیگ میں اسلام اور مسلمانوں کی دشمن تنظیموں کے انتہا پسند قائدین نے قرآن پاک کو جلانے اور پھاڑنے کی وحشیانہ و گستاخانہ حرکتیں کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کردیاجہاںمسلمانوں کے لیے یہ ناقابل برداشت واقعات ہیں۔ قبل ازیں بھی سویڈن میں مخالف اسلام شرپسندوں کی ریشہ دوانیاں ہوتی رہی ہیں تاہم اس مرتبہ ستم بالائے ستم یہ کہ قرآن پاک کی بے حرمتی ان دونوں ممالک میں باضابطہ ارباب حکومت کی اجازت سے انجام دی گئیں۔ یعنی ان گستاخانہ واقعات کے ارتکاب میں دونوں سویڈن اور ہالینڈ کی حکومتیں بھی ملوث ہیں۔ تعجب کی بات یہ بھی ہے کہ دوسری طرف سویڈن کے وزیراعظم اپنے ہی ملک سویڈن میں ہوئے مذموم واقعہ کی مذمت بھی کرتے ہیں۔ اس دو عملی سے وزیراعظم سویڈن کی اخلاقی و فکری گراوٹ کا اندازہ ہوتا ہے۔ اظہار رائے کی آزادی کا یہ مطلب نہیں کہ دوسروں کے مذہبی احساسات کو ٹھیس پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہر جگہ امن و انصاف قائم کرنے والے عالمی اداروں کے سربراہوں سے ہم سب پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بلالحاظ مرتبہ اسلام ، قرآن ، پیغمبر اسلام ﷺ اور شعائر اسلام کی مخالفت و بے حرمتی کرنے والے عناصر کے تعلق سے نوٹس لیں اور سخت ترین قوانین مدون کریں تاکہ آئندہ کہیں بھی اور کبھی بھی ایسے دلآزار واقعات نہ ہونے پائیں اور یہ کہ مذکورہ واقعات کے مرتکب شرپسندوں کو سخت سزائیں دلوا کر انہیں کیفرکردار تک پہنچائیں۔