یواین آئی
جموںجموں کشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر کے کلال علاقے میں ہفتہ کو ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں میاں بیوی زخمی ہوئے۔ذرائع کے مطابق راجوری کے نوشہرہ سیکٹرمیں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب قریب دو بجے ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں کلال علاقے میں میاں بیوی جو اپنے گھر میں سوئے ہوئے تھے، کو گھٹنوں میں گولیاں لگیں۔زخمیوں کی شناخت سنجیو کمار اور اُس کی بیوی ریتا کماری کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ زخمی میاں بیوی کو علاج و معالجے کے لئے سب ضلع ہسپتال نوشہرہ منتقل کیا گیا جہاں اُن کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی تھیں۔ انہوں نے بتایا ‘صبح چھ بجے ہمارے پاس دو زخمی لائے گئے۔ دونوں میاں بیوی ہیں۔ دونوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔ خوش قسمتی سے دونوں میں سے کسی کی بھی ہڈی متاثر نہیں ہوئی ہے۔ ہم نے ان کو فرسٹ ایڈ دینے کے بعد وارڈ میں منتقل کردیا ہے۔ دونوں کی حالت مستحکم ہے’۔