یاتریوں کیلئے اضافی رہائشی ،طبی اور ہیلی کاپٹر سہولیات دستیاب:بریگیڈیئر راجپوت
جے کے این ایس
گاندربل؍فوج کی 3سیکٹرآرآرکے بریگیڈیئر اتل راجپوت نے ہفتہ کو بتایاکہ ہندوستانی فوج نے اس سال امرناتھ جی یاترا کیلئے ایک مضبوط اور متحرک حفاظتی ڈھانچہ رکھا ہے۔سالانہ امرناتھ یاترا ہفتہ کو جموں کشمیر کے گاندربل کے بال تل گاندربل بیس کیمپ سے امرناتھ گھپاکیلئے یاترا شروع ہوئی۔ بریگیڈیئر اتل راجپوت نے سونہ مرگ میں امرناتھ یاترا 2023کیلئے حفاظتی انتظامات اور ہنگامی حالات کے لئے تیاریوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔بریگیڈیئر اتل راجپوت نے یاتریوں کے تئیں نیک خواہشات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ’’ہندوستانی فوج کی جانب سے ہم آپ کو امرناتھ جی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہندوستانی فوج روایتی طور پر یاتریوں کی پُرامن اور محفوظ یاترا کو یقینی بنانے میں شامل رہی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہاکہ اس سال بھی فوج نے امرناتھ جی یاترا کے لیے ایک مضبوط اور متحرک حفاظتی ڈھانچہ تیار کرنے کیلئے دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ بریگیڈیئر اتل راجپوت کایاتریوں کیلئے پیغام میں کہناتھاکہ ہم نے کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا ہے جس میں پہاڑوں پر تسلط، یاترا کے راستوں کی صفائی، جدید ترین نائٹ ویڑن آلات کے ساتھ علاقوں پر تسلط شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ خصوصی دستے اہم مقامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم نے محفوظ یاترا کو یقینی بنانے کے لیے سنائپرز، اینٹی ڈرون سسٹم، بم ڈسپوزل اور ڈاگ اسکواڈ بھی تعینات کئے ہیں۔ بریگیڈیئر اتل راجپوت نے مزیدکہاکہ فوج نے یاترا کے دوران اضافی رہائش فراہم کرنے کیلئے اضافی سہولت کے ساتھ یاتری کیمپوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم نے طبی ہنگامی حالات کیلئے ہیلی پیڈ فراہم کئے ہیں۔ فوج کے سینئر کمانڈر نے کہاکہ تمام فورسز انڈین آرمی، بی ایس ایف، جے اینڈ کے پولیس، آئی ٹی بی پی اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے مل کر کام کر رہی ہیں۔بریگیڈیئر اتل راجپوت نے مزید کہاکہ گزشتہ سال بادلوں کے پھٹنے کے تجربے کی بنیاد پر ریسکیو ٹیم اور ارتھ موور آلات مقدس غار اور ہنگامی حالات کے لیے متعدد مقامات پر رکھے گئے ہیں۔