لازوال ڈیسک
جموں؍؍اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ کابینہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے ایتھلیٹ راکیش کمار کی آج دوہرادون سے واپسی پر جموں میں عزت افزائی کی جنہوں نے ایتھلیٹ چمپئن شپ میں 100میٹر اور 800دوڑ میں دو طلائی میڈل اور 1500دوڑ میں ایک برونز میڈل تمغہ جیت کر جموں وکشمیر کا نام روشن کیا۔سابقہ وزیر نے راکیش کماراور اْن کے کوچ شمس دین کا ضلع سانبہ میں وجے پور چوک کے مقام پر استقبال کیا۔ انہوں نے راکیش کمار اور ان کے کوچ کی عزت افزائی کی۔ راکیش کمار اور اْن کے کوچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو کھیل کود سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہئے جس سے اْن کی صحت بھی تندرست رہے گی اور وہ ایتھلیٹ، کرکٹ اور فٹ بال ودیگر کھیلوں میں اپنا کیئرئر بنا سکتے ہیں جس کے ہندوستان میں وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ جموں وکشمیر سپورٹس مین شپ کو فروغ دینے کے لئے اسکالرشپ مہیا کرے اور نوجوانوں کی کھیل کود سرگرمیوں میں حوصلہ افزائی کی جائے۔