کاٹھمانڈو، 18 جون (یو این آئی) مشرقی نیپال کے سنکھووا سبھا ضلع میں شدید بارشوں کے سبب آنے والے سیلاب میں کم از کم ایک شخص کی موت ہو گئی اور 17 دیگر لاپتہ ہو گئے۔
ضلع پولیس افسر بیریندر گودر نے بتایا کہ ہفتہ کی رات شدید بارش کی وجہ سے ہیوا کھولا ندی میں طغیانی سے مزید تین افراد زخمی ہو گئے۔ مسٹر گودر نے بتایا کہ زیر تعمیر ہیوا کھولہ ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ کے لیے کام کرنے والے 18 افراد سیلاب میں ڈوب جانے سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ سیلاب میں کچھ گھر، دو موٹر ایبل پل اور کچھ مویشی بھی سیلاب میں بہہ گئے، جس سے بچاؤ کی کارروائیاں مشکل ہو گئیں۔
سالانہ مان سون کا موسم عموماً نیپال میں جون کے وسط کے آس پاس شروع ہوتا ہے، جس کی وجہ سے پہاڑی ملک میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے جان و مال کا نقصان ہوتا ہے۔