یواین آئی
واشنگٹن؍؍امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے واشنگٹن کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے گزشتہ روز اسرائیل نواز لابی گروپ سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کی سلامتی کے حوالے سے امریکی عزم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ اگر ایران سفارت کاری کا راستہ ترک کرتا ہے تو جیسا کہ صدر بائیڈن کئی بار واضح کر چکے ہیں، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام متبادل موجود ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کا معاملہ واشنگٹن کے لیے انتہائی اہم ہے۔انھوں نے کہا کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا امریکہ کے قومی سلامتی کے مفاد میں ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران نے ایران نے اپنے پہلے ہائپرسونک میزائل ’الفتح‘ کی رونمائی کی ہے، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے میزائل کے نام کا انتخاب کیا ہے۔