چنڈی گڑھ، 31 مئی (یو این آئی) پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے بدھ کو کہا کہ پنجاب بھر میں ریاستی حکومت کے ذریعہ قائم کیے گئے ‘اسکول آف ایمننس’ طلباء کے مستقبل کو روشن بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ریاست بھر کے ‘اسکول آف ایمننس’ میں کلاس 9 کے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ اسکول ایک نیا تجربہ ہے، جس کا مقصد طلباء کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بناناہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم طلباء کو مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کے قابل بنائے گا اور انہیں سیکھنے کا بہترین تجربہ حاصل ہوگا۔ مسٹر مان نے کہا کہ انتہائی جدید سہولیات سے آراستہ یہ اسکول طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کر ارہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت پنجاب میں تعلیم کے شعبے کو مستحکم کرنے کے لیے ٹھوس کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے ریاست کے 23 اضلاع میں 117 ‘ایمننس اسکول’ قائم کیے گئے ہیں۔ مسٹر مان نے کہا کہ ان اسکولوں کا فوکس طلباء کو انجینئرنگ، لاء، کامرس، یو پی ایس سی اور این ڈی اے سمیت پانچ پیشہ ورانہ اور مسابقتی کورسزکے لئے تیار کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ یہ اسکول معیاری تعلیم کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوں گے اور ان اسکولوں کے نتائج سے اسکول ایجوکیشن میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت پنجاب بھر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ‘اسکول آف ایمننس’ کے اساتذہ کو اعزاز سے نوازے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت ان طلباء کے لیے پنجاب بھر میں اہم مقامات پر ‘اسٹڈی ٹورز’ کا بھی اہتمام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے طلباء کو پنجاب کے شاندار ثقافتی ورثے کے بارے میں جاننے کا بھی موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ وہ ریاست کے مختلف شعبوں کی ترقی سے بھی واقف ہوں گے اور طلباء کی ذاتی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ طلباء کوگرمیوں کی تعطیلات کی مبارکباد دیتے ہوئے مسٹر مان نے کہا کہ وہ ان چھٹیوں کو اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے استعمال کریں۔