عمران رضا انصاری نے لارکی پورہ پالی تکنیک کالج کا افتتاح کیا 

0
0

آئی ٹی آئی اننت ناگ کیلئے اضافی بلاک کا افتتاح کیا 
لازوال ڈیسک
اننت ناگ؍؍وزیر برائے انفارمیشن تکنالوجی ، تکنیکی تعلیم ، امور نوجوان و کھیل کود عمران رضا انصاری نے آج اننت ناگ کے دورے کے دوران لارکی پورہ اننت ناگ کے پالی تیکنک کالج کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے آئی ٹی آئی اننت ناگ کے ورک شاپ بلاک ، تھیوری روم بلاک اور لائیبریری بلاک کا افتتاح کیا ۔ دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ وزیر مملکت برائے حج و اوقاف سعید فاروق احمد اندرابی ، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک ، ناظم تکنیکی تعلیم محترمہ شبنم شاہ کاملی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ گورنمنٹ پالی ٹیکنک کالج لارکی پورہ 75 کنال زمین پر پھیلا ہوا قریباً 5717.66 مکعب فُٹ پر محیط ہے ۔ کالج عمارت پر 13 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے جس میں سے اب تک 11.75 کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں ۔ محکمہ تعمیراتِ عامہ کی جانب سے تعمیر کی جا رہی سہ منزلہ کالج عمارت 22 لیبارٹریوں ، 10 ایڈمیشن رومز ، 2 فیکلٹی رومز کے علاوہ کلاس رومز ، کمپیوٹر رومز ، سیمنار رومز ، وی آئی پی رومز اور لائیبریری رومز پر مشتمل ہے ۔ وزیر نے موقعہ پر ہی کالج کے طلاب کیلئے باسکٹ بال اور والی بال کورٹ کی تعمیر کو منظوری دی اس کے علاوہ کالج کے طلاب کیلئے بس بھی منظور کی گئی ۔ فی الوقت کالج میں سول انجینئرنگ اور کمپیوٹر انجینئرنگ کورس پڑھائے جا رہے ہیں اور اب تک تین بیچوں نے اپنے کورس مکمل کئے ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ کالج میں عنقریب نئے مضامین متعارف کئے جائیں گے ۔ دریں اثنا وزیر نے ناظم تکنیکی تعلیم پالی ٹیکنک کالج اور آئی ٹی آئیز سے کہا کہ متعارف کئے جانے والے مضامین مارکیٹ ضرورت کے ساتھ مطابقت رکھنے چاہئیں ۔ عمران انصاری نے مقامی حرفتوں بشمول ہینڈ لوم ، دستکاری ، کارپینٹری وغیرہ سے وابستہ وفود کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ جنہوں نے اپنی مانگیں وزیر کو پیش کیں ۔ وزیر نے ان کے مسائل بغور سُنے اور ہر ممکن مدد بہم رکھنے کا یقین دلایا ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا