لازوال ڈیسک
جموں؍؍انڈین آئیڈل ایپیسوڈ -13 جموں واپسی پر۔شیلا ریزورٹس، تالاب تلو میں سینئر بی جے پی لیڈر اور کونسلر سنجے کمار بارو کی طرف سے کیشو چوپڑا، سندیپ گپتا اور مقامی لوگوں کے تعاون سے شائننگ اسٹار چراغ کوتوال کے استقبال کے لیے ایک شاندار استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا جو حال ہی میں ختم ہونے والے سونی ٹی وی کے مشہور شو میں رنر اپ رہے تھے۔ سنجے کمار بارو نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ یہ پورے جموں و کشمیر کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ ہمارا ایک نوجوان گلوکار جس نے اپنی کم عمری میں ہی قومی سطح پر اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں نوجوانوں کے لیے تحریک کا ذریعہ انہوں نے مزید کہا کہ آج جب ہمارے بہت سے نوجوان غلط راستے پر چل کر منشیات کا استعمال کر رہے ہیں، چراغ کوتوال کی لگن اور کامیابی یہ بتاتی ہے کہ اگر آپ محنت اور لگن سے کام کریں تو کامیابی خود بخود آپ کے قدم چومتی ہے۔ انہوں نے اپنے خاندان اور پروگرام میں موجود تمام مقامی لوگوں کو مبارکباد پیش کی اور چراغ کوتوال کے شاندار مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔چراغ کوتوال نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سفر مجموعی طور پر بہت ہی حیرت انگیز تھا۔ آپ کے تعاون اور محبت کی وجہ سے میں یہ ٹرافی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہوں۔ یہ ٹرافی میرے تمام مداحوں اور حامیوں کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کے لیے سنجے بارو کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔اس موقع پر جے ایم سی کونسلر وارڈ 40 نیلم نرگوترا نے بھی خطاب کیا۔کیشو چوپڑا نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔